1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شادی کرنی ہے، تو جرمن سیکھیں : تھائی اخبار

24 جولائی 2010

تھائی لینڈ میں جرمن مردوں سے شادی کر کے جرمنی منتقل ہونے والی خواتین کے لئے خصوصی جرمن کورس کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے بیج میں شامل طالبات کے لئے یہ خصوصی کورس بدھ کے روز شروع ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/OTg7
تصویر: dpa

تھائی درالحکومت بنکاک سے 350 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر خون کائین کی جامعہ کے تحت شروع کئے جانے والے اس خصوصی کورس میں جرمن زبان کے علاوہ ثقافت اور معاشرت کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی، تاکہ جرمنی منتقل ہونے والی یہ خواتین جرمن معاشرے میں بہتر طور پر انضمام کر پائیں۔

ہفتے کے روز تھائی اخبار بنکاک پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر اس کورس میں 20 طالبات نے داخلہ لیا ہے۔ یہ کورس وزارت خارجہ اور خون کائین یونیورسٹی مشترکہ طور پر شروع کر رہے ہیں۔

Schulkasse in Peking Geschichte Unterricht
تصویر: AP

جرمنی کے تازہ امیگریشن قواعد کے مطابق کوئی غیر یورپی شہری اگر جرمن شہری سے شادی کر بھی لے، تو بھی جرمن زبان سے آگہی کے بغیر اسے جرمنی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نئے جرمن قواعد کے مطابق اپنے شوہروں یا بیویوں کے ساتھ جرمنی میں سکونت اختیار کرنے والے افراد کے لئے جرمن زبان سے بنیادی آگاہی ضروری ہے۔

ایک اندازے کے مطابق اس وقت جرمنی میں تقریبا ایک لاکھ تھائی خواتین آباد ہیں، جن میں سے تقریبا 20 فیصد ایسی خواتین ہیں، جن کے شوہر جرمن شہری ہیں۔ شمالی تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایسی خواتین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جن کے شوہر غیر ملکی ہیں۔

ملکی وزارت خارجہ کے مطابق جرمن زبان سے آگہی نہ ہونے کے باعث تھائی خواتین کو جرمن معاشرے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ کورس ایسی خواتین کے لئے انتہائی مفید رہے گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں