1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام: ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، مزید بائس افراد ہلاک

3 دسمبر 2011

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی مذمتی قرارداد منظور ہونے کے ایک دن بعد یعنی آج ہفتے کے روز شام میں مزید 22 افراد مارے گئے۔

https://p.dw.com/p/13M6I
تصویر: picture-alliance/dpa

نکوسیا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے مذمتی قرار داد منظور کیے جانے کے اگلے ہی روز عرب ریاست شام میں جو بائس افراد مارے گئے ان میں پانچ عام شہری بھی بتائے گئے ہیں۔ مذمتی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو انسانی ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے دمشق حکومت کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہیے۔

اس قرار داد میں شام کی موجودہ صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کے مطابق ملک کے شمال مغرب میں واقع شہر ادلیب میں حکومت کے خلاف شدید مظاہرے اس سال مارچ سے جاری ہیں۔ وہاں موجودہ حکومت کے حامی دستوں کے ساتھ شدید جھڑپوں میں آج ہفتے کے روز پندرہ باغیوں کےعلاوہ پانچ عام شہری بھی مارے گئے۔

Pro Assad Demonstration in Syrien
تصویر: dapd

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے مطابق شام میں گذشتہ تقریبا نو مہینوں سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 4000 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ عالمی ادارے کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر ناوی پیلائی نے گذشتہ رات جینوا میں پہلی مرتبہ کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ملک شام میں بدامنی اور ہلاکتوں کے واقعات خراب تر شکل اختیار کرتے ہوئے خانہ جنگی بنتے جا رہے ہیں۔

شام میں سرکاری دستوں کا ساتھ چھوڑ کر حکومت کے مخالفین کے ساتھ مل جانے والے سابقہ سکیورٹی اہکاروں نے آزاد شامی فوج کے نام سے اپنی ایک باقاعدہ تنظیم بھی قائم کر رکھی ہے۔

Syrien Pro-Assad Demonstration
تصویر: dapd

شام میں موجودہ حالت میں اکثر ہلاکتیں سرکاری دستوں، آزاد شامی فوج کے ارکان اور حکومت مخالف مظاہرین کی ہو رہی ہیں۔

دوحہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق عرب لیگ کی ایک کمیٹی کا اجلاس آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ عرب لیگ کی طرف سے شام کے خلاف حال ہی میں عائد کردہ تاریخی پابندیوں پر اب تک کتنا عمل ہوا ہے۔ اس کمیٹی کے اجلاس میں قطر، الجزائر، مصر، عمان اور سوڈان کے وزراء خارجہ نے شرکت کی۔

اس دوران صوفیہ سے ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ شام میں اپوزیشن کے سب سے بڑے گروپ شامی قومی کونسل SNC نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ شام میں حکومتی دستوں کی طرف سے حکومت مخالف کارکنوں پر خونریز کریک ڈاؤن کو روکا جائے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں