1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شلس کا دورہ اٹلی: مہاجرين سے ہمدردی يا انتخابی مہم؟

عاصم سلیم
27 جولائی 2017

جرمنی ميں سوشل ڈيموکريٹس کی کے رہنما مارٹن شلس نے يورپی رياستوں پر زور ديا ہے کہ انہيں مہاجرين کے بحران سے نمٹنے کے ليے اٹلی کی مدد بڑھانی چاہيے۔

https://p.dw.com/p/2hDsw
Berlin SPD-Kanzlerkandidat Schulz präsentiert Zukunftsplan
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Gambarini

شلس نے مائکرو بلاگنگ کی ويب سائٹ ٹوئٹر پر پيغام لکھا، ’’ہميں جلدی سے اٹلی کی مدد کرنی چاہيے۔‘‘ سوشل ڈيموکريٹک پارٹی یا ايس پی ڈی کے رہنما اور ستمبر ميں ہونے والے عام انتخابات ميں جرمن چانسلر انگيلا ميرکل کے حريف مارٹن شلس نے يہ بيان گزشتہ روز سامنے آنے والے يورپی عدالت برائے انصاف کے فيصلے کے تناظر ميں ديا۔ عدالت نے چند مشرقی يورپی رياستوں کی طرف سے معاملہ اٹھائے جانے پر مہاجرين کی رکن ممالک ميں تقسيم کی يورپی يونين کی اسکيم کے حق ميں فيصلہ سنايا۔ قبل ازيں ہنگری اور سلوواکيہ نے اس اسکيم کو عدالت ميں چيلنج کر ديا تھا کيونکہ يہ دونوں ملک اپنے ہاں تارکين وطن کو پناہ دينے کے حق ميں نہيں ہيں۔

مارٹن شلس آج اٹلی کا دورہ کر رہے ہيں جہاں وہ دارالحکومت روم ميں وزير اعظم پاؤلو جينٹيلونی سے ملاقات کريں گے۔ اس ملاقات ميں دونوں رہنما مہاجرين کی آمد ميں اضافے کے حوالے سے اٹلی کو درپيش مسائل پر تبادلہ خيال کريں گے۔ واضح رہے کہ اس سال اب تک ہزاروں تارکين وطن ليبيا کے راستے اٹلی پہنچ چکے ہيں اور اطالوی حکام بارہا يہ احتجاج کرتے آئے ہيں کہ ديگر يورپی ممالک اس معاملے سے نمٹنے ميں زيادہ مدد فراہم نہيں کر رہے۔ مارٹن شلس روم ميں وزير اعظم جينٹيلونی سے ملاقات کے بعد جنوبی جزيرے سسلی بھی جائيں گے ، جہاں وہ ايک مہاجر کيمپ کا دورہ کريں گے۔

قبل ازيں گزشتہ روز ہی جرمن چانسلر ميرکل نے بھی اطالوی وزير اعظم سے بذريعہ ٹيلی فون رابطہ کيا تھا۔ ميرکل کے ترجمان نے بتايا کہ اس گفتگو ميں چانسلر نے اس بات کی يقين دہانی کرائی کہ برلن حکومت بڑی تعداد ميں مہاجرين کی آمد سے نمٹنے اور ليبيا ميں انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف کارروائيوں پر زور دينے ميں اٹلی کے ساتھ ہے اور متعلقہ حکام کی ہر ممکن طريقے سے مدد کی جائے گی۔

يہ امر اہم ہے کہ اس پيش رفت کا جرمنی کی داخلی سياست سے بھی تعلق ہے۔ ستمبر ميں ہونے والے انتخابات ميں مارٹن شلس چانسلر بننے کے خواہاں ہيں جبکہ انگيلا ميرکل بطور ملکی چانسلر اپنی چوتھی مدت کے تعاقب ميں ہيں۔ رائے عامہ کے جائزوں  کے مطابق حاليہ دنوں ميں انگيلا ميرکل کو زيادہ عوامی حمايت حاصل ہے۔ ايسے ميں مارٹن شلس نے مہاجرين کے بحران کا معاملہ اٹھايا ہے اور وہ چانسلر ميرکل کی پاليسيوں پر تنقيد کر چکے ہيں۔

سینکڑوں تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا