1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کا ایٹمی تجربہ، نئی پابندیوں کی تیاریاں شروع

عاطف بلوچ10 ستمبر 2016

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر پابندیوں کے نئے سلسلے پر کام کرنا شروع کر دیا گیا۔ یہ اقدام اس کمیونسٹ ریاست کی طرف سے ایک اور جوہری تجربہ کرنے کے بعد اٹھایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JzgN
Nordkorea Raketentest Kim Jong Un
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Young-joon

شمالی کوریا کی طرف سے جمعے کے دن کیے جانے والے ایک اور جوہری تجربے پر عالمی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پیونگ یانگ نے یہ ٹیسٹ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا ہے۔

عالمی برادری کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی برداری کے لیے بھی خطرہ ہے۔ تاہم پیونگ یانگ کی حکومت ان تجربات کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہتی ہے کہ یہ اس کا حق ہے۔

جنوبی کوریا، جاپان اور امریکا کی طرف سے شدید مذمت کے بعد جمعے کی رات نیو یارک میں ہوئے سلامتی کونسل کے ایک اجلاس میں بھی شمالی کوریا کے اس نئے جوہری تجربے پر تشوش کا اظہار کیا گیا ہے۔

بند کمرے میں ہوئے اس اجلاس کے دوران تمام رکن ممالک نے متقفہ طور پر اتفاق ظاہر کیا کہ اس اقدام پر شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنا چاہییں۔

سلامتی کونسل کے رکن ممالک کی ہنگامی اجلاس کے بعد نیوزی لینڈ سفیر گیراڈ فان بوہیمن نے کہا، ’’سلامتی کونسل کے رکن ممالک آرٹیکل اکتالیس کے تحت فوری طور پر کارروائی کا آغاز کر رہے ہیں۔‘‘

سلامتی کونسل کی صدارت اس وقت نیوزی لینڈ کے پاس ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سلامتی کونسل نے قرار داد پر کام کرنا شروع کر دیا ہے، جس میں شمالی کوریا کے خلاف مزید پابندیوں کی تجاویز دی جائیں گی۔

ادھر امریکا نے کہا ہے کہ وہ اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر شمالی کوریا پر تازہ پابندیاں عائد کرے گا۔ واشنگٹن حکومت نے کہا ہے کہ وہ چین پر زور دے گی کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کو ختم کرانے کی کوشش کرے گی۔

Nordkorea Raketentest undatierte Aufnahme
کمیونسٹ کوریا ان تجربات کو اپنا حق قرار دیتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/Korea News Service

چین اور روس نے بھی شمالی کوریا کی طرف سے کیے گئے اس پانچویں جوہری ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

شمالی کوریا کے حریف ملک جنوبی کوریا کی حکومت کے مطابق کمیونسٹ کوریا کی طرف سے کیا گیا یہ نیا ایٹمی تجربہ، اس کی طرف سے ماضی میں کیے گئے ایسے تجربات میں سب سے بڑا ایٹمی تجربہ ہے، جس کی طاقت 10 اور 15 کلو ٹن کے درمیان تھی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اس نیوکلیئر ٹیسٹ کے لیے ایک ایٹمی وار ہیڈ کو ایک راکٹ پر نصب کیا گیا تھا، جس کا دھماکا ملک کے شمال میں واقع ایٹمی تجربات کے لیے مخصوص ایک جگہ پر کیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید