1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کا ’بیلسٹک میزائل کا نیا تجربہ ناکام‘

مقبول ملک
16 اپریل 2017

شمالی کوریا نے اتوار سولہ اپریل کو اپنے مشرقی ساحلی علاقے سے ایک نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا، جو امریکا اور جنوبی کوریا کے مطابق ناکام رہا۔ شمالی کوریا نے کل ہفتے کو ایک بڑی فوجی پریڈ میں اپنے اسلحے کی نمائش کی تھی۔

https://p.dw.com/p/2bIjh
Südkorea TV Nordkorea Propaganda
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Young-Joon

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول سے ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق جنوبی کوریائی حکومت اور امریکی فوجی ذرائع نے تصدیق کر دی ہے کہ اس کمیونسٹ ریاست کی طرف سے کی گئی  بیلسٹک میزائل کے تجربے کی تازہ ترین کوشش ناکام رہی۔

بحرالکاہل میں امریکی فوجی دستوں کی کمان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے اس نامعلوم طرز کے بیلسٹک میزائل کا تجربہ سِنپو کے بندرگاہی شہر سے کیا، لیکن یہ میزائل فائر کیے جانے کے ’فوراﹰ بعد فضا میں پھٹ‘ گیا۔

شمالی کوریا جوابی ’جوہری حملے کے لیے تیار‘

شمالی کوریا پر پُرامن مذاکرات ضروری ہیں، چینی صدر

ملائیشیا سے شمالی کوریا کو رقوم کی منتقلی؟

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ ابھی ایک روز پہلے ہی شمالی کوریا نے اپنے بانی کِم اِل سُنگ کے 105 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیونگ یانگ میں اہتمام کردہ ایک بہت بڑی فوجی پریڈ میں اپنے ہتھیاروں کی بھرپور نمائش کی تھی، جس میں یہ بیلسٹک میزائل بھی شامل تھا۔ اس پریڈ کے موقع پر موجودہ شمالی کوریائی رہنما اور کِم اِل سُنگ کے پوتے کِم جونگ اُن بھی موجود تھے۔

Nordkorea Fernsehübertragung der Militärparade in Pjöngjang
شمالی کوریا نے ہفتہ پندرہ اپریل کے روز ایک بڑی فوجی پریڈ میں اپنے اسلحے کی نمائش کی تھی۔تصویر: picture-alliance/AP Photo

شمالی کوریا میں پیونگ یانگ حکومت نے یہ تازہ ترین لیکن ناکام ہو جانے والا بیلسٹک میزائل ٹیسٹ ایک ایسے وقت پر کیا ہے، جب امریکی نائب صدر مائیک پینس آج اتوار ہی کے روز جنوبی کوریا کے ایک دورے پر سیئول پہنچ رہے ہیں۔

USA Parteitag der Republikaner in Cleveland Mike Pence
شمالی کوریا نے یہ میزائل تجربہ اس دن کیا، جس روز امریکی نائب صدر مائیک پینس کو جنوبی کوریا پہنچنا تھاتصویر: Reuters/J. Ernst

امریکی حکومتی ذرائع کے مطابق مائیک پینس خطے کا مجموعی طور پر یہ چار روزہ دورہ اس مقصد کے تحت کر رہے ہیں کہ جزیرہ نما کوریا پر کمیونسٹ کوریا کی مسلسل جارحانہ پالیسیوں کے خلاف اس علاقے میں واشنگٹن کے اتحادی ملکوں کو امریکا کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروا سکیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق نائب صدر مائیک پینس آج جیسے ہی الاسکا سے سیئول کے لیے روانہ ہوئے، تو شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کی خبر ملنے پر ان کو فوری طور پر اطلاع کر دی گئی۔

اس بارے میں امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر اور ان کے فوجی مشیروں کی ٹیم کو بھی شمالی کوریا کے اس نئے تجربے سے آگاہ کر دیا گیا۔ میٹس نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

اسی دوران مائیک پینس کے دورہ جنوبی کوریا سے قبل ایک اعلیٰ امریکی فوجی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیونسٹ کوریا کی طرف سے مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر امریکا اپنے طور پر پہلے ہی ’فوجی امکانات کا جائزہ‘ بھی لے رہا ہے۔