1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر عالمی تشویش

5 جولائی 2006

جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاعی اہلکاروں کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے ساتویں میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ یہ نیا میزائل درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اِس سے قبل شمالی کوریا نے گذشتہ شب سے اب تک جن چَھ میزائلوں کے تجربات کئے، وہ سبھی کم یا پھر طویل فاصلے تک مار کرنے والے تھے۔

https://p.dw.com/p/DYKw
تصویر: AP Graphics

رُوسی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے اِن حالیہ تجربات کے دوران کم از کم دَس میزائل فائر کئے ہیں، جن میں سے ایک امریکہ تک بھی مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل فائر کئے جانے کے 40 سیکنڈ بعد ہی بحیرہ جاپان میں گر گیا۔

جاپان نے اپنی فوج اور پولیس کو چوکنا کر دیا ہے اور ساتھ ہی Pyongyang کے خلاف پابندیاں بھی عاید کر دی ہیں، جن میں سفارت کاروں اور خصوصی پروازوں کی آمدورفت کی معطلی شامل ہے۔

صورتِ حال پر غور کرنے کے لئے آج نیویارک میں عالمی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اِسی دوران دُنیا بھر کے رہنما اِن میزائل تجربات کی مذمت کر رہے ہیں۔