1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شیکسپیئر کی 400 ویں برسی

شمشیر حیدر23 اپریل 2016

معروف برطانوی ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی وفات کے ٹھیک چار سو برس پورے ہونے پر آج تئیس اپریل ہفتے کے روز سے انگلستان میں ان کے آبائی شہر میں خصوصی تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IbL7
Bildergalerie Shakespeare
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Reinhardt

رومیو اینڈ جیولیٹ، ہیملٹ اور کِنگ لیئر جیسے شہرہ آفاق ڈراموں کے مصنف انگریز ادیب اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر 1564ء میں اپریل کے مہینے میں انگلینڈ کے شہر اسٹریٹفورڈ (Stratford-upon-Avon) میں پیدا ہوئے تھے اور وہ اسی شہر میں دفن بھی ہیں۔ ان کے انتقال کی تاریخ 23 اپریل 1616ء البتہ مسلمہ ہے۔

یوں تو ہر سال اس روز شیکسپیئر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسٹریڈفورڈ میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن ان کی وفات کے چار سو سال پورے ہونے پر اس برس ان تقریبات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

برطانوی شہزادہ چارلس بھی ’شیکسپیئر لائیو شو‘ میں حصہ لے رہے ہیں، جسے برطانوی نشریاتی ادارہ عالمی سطح پر براہ راست نشر کرے گا۔ علاوہ ازیں برطانیہ اور دنیا کے معروف اداکار، ہدایت کار اور ادیب بھی مختلف تقریبات میں شریک ہوں گے۔

ان تقریبات کے انتظام میں مصروف سارا سَمرز کے مطابق، ’’جیسی تقریبات اس مرتبہ منعقد ہو رہی ہیں، وہ شیکسپیئر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قدیمی روایتی تقریبات کی تاریخ میں ایک منفرد اہمیت کی حامل ہوں گی۔ اس مرتبہ موسیقی اور رنگوں کا دور دورہ ہو گا۔‘‘

اسٹریٹفورڈ میں تقریبات کا محور شیکسپیئر کا آبائی گھر اور جائے تدفین ہولی ٹرینیٹی چرچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں کنگ ایڈورڈ چہارم کے نام سے منسوب اس اسکول کو بھی مستقل طور پر عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے جہاں بظاہر شیکسپیئر نے اولین طور پر اپنے شاہکار قلم بند کرنا شروع کیے تھے۔ اس اسکول کی عمارت کی حال ہی میں تزئین و آرائش بھی کی گئی، جس پر 2.6 ملین ڈالر کے برابر رقوم خرچ کی گئیں۔

ولیم شیکسپیئر کے آبائی شہر میں آج شروع ہونے والی یہ تقریبات دراصل برطانیہ اور دنیا بھر میں اہتمام کردہ تقریبات کا نقطہ آغاز ہیں۔

Bildergalerie Shakespeare
تصویر: The Shakespeare Birthplace Trust

برطانوی دارالحکومت لندن میں بھی اس نامور ادیب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں گے۔ دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے ’شیکسپیئر گلوب تھیٹر‘ میں شہرہ آفاق ڈرامہ ’ہیملٹ‘ پیش کیا جائے گا۔ ڈرامہ پیش کرنے والی ٹیم اس سے پہلے دنیا کے 195 ملکوں میں یہ کھیل پیش کر چکی ہے اور لندن میں اس کا یہ آخری شو ہو گا۔

اس موقع پر شیکسپیئر کے ڈراموں پر مبنی مختصر دورانیے کی 35 فلموں کی نمائش بھی کی جا رہی ہے۔ یہ فلمیں لندن کے دریائے ٹیمز کے کنارے نصب اسکرینوں پر دکھائی جائیں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید