1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر اوباما ماحولیاتی آلودگی کے خلاف پرعزم

رپورٹ: انعام حسن، ادارت: امجد علی20 مئی 2009

امریکی صدر باراک اوباما نے ملک میں موٹرسازی کے شعبے سے وابستہ صنعت کاروں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ایسی نئی کاریں تیار کریں، جن کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کو ہر ممکن حد تک کم کیا جا سکے۔

https://p.dw.com/p/HuMA
باراک اوباما نے اپنی انتخابی مہم میں توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی ایسے موضوعات کو خصوصی توجہ دی تھیتصویر: AP

اوباما نے گذشتہ روز وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران صنعت کاروں پر ایسی موٹرگاڑیاں تیار کرنے کے لئے زور دیا، جو کم سے کم تیل یا گیس استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

صدر اوباما نے کہا کہ ان نئی موٹرگاڑیوں کو نئے قومی معیارات کے تحت پرکھا جائے گا، تاکہ امریکہ غیرملکی تیل پر اپنا انحصار کم کرسکے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق ان نئی کاروں کو بنانے سے اگلے پانچ سالوں میں سب سے زیادہ فائدہ موٹرسازی کی صنعت کو ہو گا، جس کو موجودہ عالمی معاشی بحران سے شدید اقتصادی نقصان ہوا ہے۔

Symbolbild Obama Capitol
تصویر: AP / DW

انہوں نے ان نئے قومی معیارات کو امریکہ میں توانائی پر کم سے کم انحصار کر نے والے اقتصادی ڈھانچے کی ایک نئی تشکیل کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔ صدر اوباما نے کہا کہ نئی کاریں اگر ان قومی معیارات کے مطابق تیار کی گئیں، تو امریکی ریاست کو 1.8 بلین بیرل تیل کی بچت ہوگی۔

امریکی صدر نے اپنے صدارتی انتخاب کے بعد ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے عزم کا کافی مرتبہ اظہار کیا ہے۔ اسی لئے امریکی کانگریس کے اراکین اس قانون ساز ادارے میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ایک بل پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس متوقع بل کی بدولت حکومتی اداروں کو ماحول میں سبز مکانی اثر کا باعث بننے والی ضرررساں گیسوں کے اخراج کو روکنے سے متعلق باقاعدہ اور جامع ہدایات بھی مہیا کی جائیں گی۔

Italien Verkehr
نئی موٹرگاڑیوں کو نئے قومی معیارات کے تحت پرکھا جائے گاتصویر: AP

موٹرسازی کی صنعت کے ماہرین کے مطابق ماحول میں کم سے کم آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کا وزن کافی کم ہو گا۔ ہلکے وزن کی گاڑیوں کی تیاری کے اخراجات عام گاڑیوں کی نسبت کافی زیادہ ہوسکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ان کے خریداروں پر کافی معاشی بوجھ پڑے گا اور انہیں ہر کار کی خریداری پر تقریبا 13 سو ڈالر زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔

ان نئے معیارات کا اطلاق امریکہ کی ایجنسی برائے ماحولیاتی بچاؤ کرے گی، جس کا ہدف امریکہ میں ہر مسافربردار موٹرگاڑی اور ٹرک کو 2016ء تک 6.62 لٹر میں ایک سو کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت پر لانا ہے۔ امریکی ایجنسی برائے ماحولیاتی بچاؤ کو اس حوالے سے اپنے اقدامات کے لئے امریکی کانگریس سے منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔ ایجنسی کے مطابق اسے ان معیارات کے مکمل اطلاق کے لئے انہیں تقریبا ایک سال کا عرصہ درکار ہوگا۔