1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر شی شمالی کوریا میں: چین سے دوستی لازوال ہے، کم جونگ اُن

21 جون 2019

چینی صدر شی جن پنگ نے شمالی کوریا کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔ گزشتہ چودہ برسوں میں چین کے کسی صدر نے پہلی مرتبہ شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3Kp7L
Xi Jinping in Nordkorea mit Kim Jong Un
تصویر: Reuters/KCNA

چین کے صدر شی جن پنگ کے شمالی کوریا کے دورے کے موقع پر کمیونسٹ کوریا کے سپریم لیڈر چیئرمین کم جونگ اُن نے اپنے مہمان کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے ساتھ اپنے ملک کے دوستانہ تعلقات کو لازوال قرار دیا۔ شمالی کوریائی نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق چیئرمین اُن نے کہا کہ  بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر انتہائی پیچیدہ نوعیت کی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ایسے میں شمالی کوریا اور چین ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ شمالی کوریا کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اب واپس اپنے ملک روانہ ہو گئے ہیں۔ پیونگ یانگ نے چینی صدر کے اس دورے کو تاریخی اور انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ گزشتہ چودہ برسوں میں یہ کسی بھی چینی صدر کا پہلا دورہ تھا۔ ان چودہ برسوں میں شمالی کوریائی حکومت نے کم از کم پانچ جوہری تجربات کیے اور امریکا تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تیار کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

دونوں لیڈروں نے اپنی گفتگو میں اسٹریٹیجک رابطوں کے مزید بہتر بنائے جانے کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ چینی صدر نے واضح کیا کہ بیجنگ حکومت شمالی کوریا کی سفارتی حمایت کے ساتھ ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے علاوہ اسے ہر ممکن امداد بھی فراہم کرے گی۔ پیونگ یانگ حکومت نے چینی صدر کے استقبال کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے تھے۔  ہزاروں افراد نے سڑک کے دونوں جانب کھڑے ہو کر مہمان صدر کا تالیاں بجا کر خیرمقدم کیا تھا۔

Xi Jinping in Nordkorea mit Kim Jong Un
گزشتہ چودہ برسوں میں چین کے کسی صدر نے پہلی مرتبہ شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کیا ہےتصویر: Reuters/KCNA

یہ امر اہم ہے کہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن تین مرتبہ چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے بیجنگ کا دورہ کر چکے ہیں۔ کم جونگ اُن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے جس غیرملکی حکومتی سربراہ سے ملاقات کی تھی، وہ شی جن پنگ ہی تھے۔ کمیونسٹ کوریا کے رہنما کافی عرصے سے چینی صدر شی کے اس دورے کی امید لگائے ہوئے تھے، جو بالآخر پوری ہو گئی۔

چینی صدر نے شمالی کوریا کا اپنا یہ دورہ جاپانی شہر اوساکا میں منعقد ہونے والی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں والے ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کی ایک سمٹ سے قریب ایک ہفتہ قبل مکمل کیا ہے۔ اس تناظر میں تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شی جن پنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ شمالی کوریا پر گہرا اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات تاحال تعطل کا شکار ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کے درمیان رواں برس فروری میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ہونے والی سمٹ بغیر کسی پیش رفت کے ہی ختم ہو گئی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں