1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر پاکستان اور آرمی چیف کی ملاقات

4 اکتوبر 2008

پاکستانی افواج کے سربراہ پرویز اشفاق کیانی سے سیکورٹی کی مخدوش صورتحال پر سیر حاصل بات چیت کے بعد صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے تک وہ اپنی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔

https://p.dw.com/p/FTyD
آصف علی زرداری نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

ایوان صدرمیں ہونےوالی اس ملاقات میں آرمی سربراہ کیانی نے صدر پاکستان زرداری کو قبائلی علاقہ جات میں جاری عسکری کارروائی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی بھی ایوان صدر پہنچ گئے جہاں صدر اور آرمی چیف کی ملاقات جاری تھی۔

زرائع ابلاغ کے مطابق اس اہم ملاقات میں آرمی چیف نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ افغان سرحد سے ملحقہ شورش شدہ قبائلی علاقوں میں طالبان باغی مخالف مقامی طاقتوں سے ساتھ تعاون بڑھایا جائےگا تاکہ ان علاقوں میں طالبان باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں واضح کامیابی حاصل کی جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کے امن وامان کو تباہ کرنے والے عناصر کو ہر قیمت سخت سےسخت سزا دی جائے گی۔ اس دوران اسفند یار ولی کے ساتھ ملاقات میں زرداری نے کہا کہ ان پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو جلد از جلد گرفتار کروانے کی کوشش کریں گے۔