1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صرف تین ماہ میں گاڑیوں کی فروخت سے 39 ارب یورو آمدنی

عاطف توقیر21 جولائی 2016

جرمن کار ساز ادارے ڈائملر کی جانب سے جمعرات کے روز بتایا گیا کہ اس نے رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں دنیا بھر میں ریکارڈ تعداد میں اپنی گاڑیاں فروخت کیں۔

https://p.dw.com/p/1JTqC
Mercedes Schriftzug Bluetec
تصویر: picture alliance/dpa/U. Deck

کار ساز ادارے ڈائملر کی سب سے مقبول گاڑی مرسیڈیز بینز ہے۔ ڈائملر کے مطابق دنیا بھر میں مرسیڈیز بینز کی بہت زیادہ طلب نے اس ریکارڈ فروخت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ڈائملر کی جانب سے جمعرات اکیس جولائی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ رواں برس اپریل سے جون تک کی سہ ماہی میں اس کی فروخت ہونے والی کاروں اور کمرشل گاڑیوں کی مجموعی تعداد 76 لاکھ تیرہ ہزار تین سو چالیس رہی، جو اس برس کی پہلی سہ ماہی میں فروخت کی گئی گاڑیوں کی تعداد کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت کے حوالے سے اس نمایاں کارکردگی کی وجہ سے کمپنی کی آمدن میں بھی تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح اس سہ ماہی میں اس کمپنی نے 38.6 ارب یورو کا کاروبار کیا۔ اس طرح اس کمپنی کو اپریل سے جون تک 2.45 ارب یورو کا منافع ہوا، جو اس سے پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں تین فیصد زیادہ تھا۔

Mercedes E 220 BlueTEC
ڈائملر کی مشہور ترین گاڑی مرسیڈیز بینز ہےتصویر: picture alliance/AA/D. Aydemir

ٹیکس اور سود سے پیش تر حاصل کردہ منافع کے اعتبار سے اس کمپنی نے 3.97 ارب یورو منافع کمایا، جو رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں چھ فیصد زیادہ تھا۔

ڈائملر کی مشہور گاڑی مرسیڈیز بینز کی فروخت میں نو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ڈائملر کے مطابق اپریل سے جون تک پانچ لاکھ 46 ہزار پانچ سو 17 مرسیڈیز کاریں فروخت کی گئیں۔ تاہم اس کے مقابلے میں ڈائملر کے ٹرکوں کی فروخت میں تیرہ فیصد کی کمی بھی دیکھی گئی، جس کی زیادہ تر وجہ ان ٹرکوں کی فروخت میں شمالی امریکا میں ہونے والی کمی تھی۔ ڈائملر کے مطابق اپریل سے جون تک کی سہ ماہی میں مجموعی طور پر ایک لاکھ آٹھ ہزار دو سو بیاسی ٹرک فروخت کیے گئے۔

ڈائملر کے چیف ایگزیکٹو ڈِیٹر سیچے نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ادارہ رواں برس کی باقی دونوں سہ ماہیوں میں بھی اپنے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کرتا رہے گا۔ سیچے نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہم سال کا دوسرا نصف حصہ بھی اپنی گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت کے ساتھ شروع کر رہے ہیں اور ہم ایک منظم انداز سے اسی راستے پر سفر جاری رکھیں گے۔‘‘