1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوبہ واردک میں امریکی فوجیوں کو افغان مترجم نے ہلاک کیا، نیٹو

31 جنوری 2010

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے انکشاف کیا ہے کہ جمعہ کو افغانستان میں ہلاک ہونے والے دو امریکی فوجیوں کو ایک مقامی مترجم نے ہلاک کیا تھا۔ جمعہ کو ایک مسلح شخص نے مشرقی افغانستان میں دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/Lnp4
تصویر: AP

مقامی افغان مترجم ، امریکی فوجیوں کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔ ہفتہ کو نیٹو کی طرف سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے ملحقہ افغان صوبے واردک میں یہ واقعہ پیش آیا۔ بیان کےمطابق اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور جنگجو نہیں تھا بلکہ وہ اپنی ملازمت کی وجہ سے پریشان تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک صوبائی افسر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مترجم، امریکی فوجیوں کے ساتھ تنخواہ کے معاملے پر جرح کر رہا تھا کہ اچانک ہی فائرنگ شروع ہو گئی۔

دریں اثناء ہفتہ کو صوبہ ورادک میں ہی امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں چار افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں، تاہم حکام کے مطابق ان دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔

افغان وزرات دفاع نے اس فضائی حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے اس میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ دریں اثناء نیٹو نے افغان فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گل