1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ضرب عضب کا حتمی مرحلہ اور متاثرین کی مشکلات

عصمت جبیں، اسلام آباد4 اپریل 2016

پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن اپنے حتمی مرحلے میں ہے، جس دوران فوج نے ڈھائی سو سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن بے گھر ہونے والے متاثرین کی مشکلات ابھی تک برقرار ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IPED
Pakistan Waziristan Armee Infanterie ARCHIV
تصویر: picture-alliance/AP

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس وقت ملکی فوجی دستے شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں، جو کارروائیاں کر رہے ہیں، وہ اس آپریشن کے حتمی مرحلے کا حصہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق اس مرحلے کے دوران 252 عسکریت پسند ہلاک کر دیے گئے جبکہ 160 زخمی ہوئے۔ انہی کارروائیوں کے دوران آٹھ فوجی ہلاک اور 39 زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس مرحلے کے دوران اب تک فوج شمالی وزیرستان میں شوال کا 640 مربع کلومیٹر کا علاقہ بھی شدت پسندوں سے صاف کروا چکی ہے۔

دوسری جانب اس آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے متاثرین کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ وفاق کے زیر انتظام فاٹا کہلانے والے قبائلی علاقوں میں ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شمالی وزیرستان میں اب تک ایک لاکھ تیس ہزار متاثرہ خاندانوں کو رجسڑ کیا جا چکا ہے۔

Pakistan Wasiristan Muhammad Nazir
امن کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ملک غلام خان وزیرتصویر: Privat

اس کے برعکس انہی متاثرین کے نمائندوں پر مشتمل امن کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ملک غلام خان وزیر نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی اصل تعداد ڈیڑھ لاکھ بنتی ہے، جن میں سے 20 ہزار کے قریب خاندان مختلف وجوہات کی بناء پر رجسٹر نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کیمپوں میں جیل جیسی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

ملک غلام خان وزیر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’حکومت صرف خالی دعوے کر رہی ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے یہ کیا جا رہا ہے، وہ کیا جا رہا ہے۔ کچھ بھی نہیں کیا جا رہا۔ ہاں، البتہ دعوؤں پر زور ہے اور وہ بھی جھوٹے۔ صحت کی صورتحال کیمپوں میں انتہائی مخدوش ہے، خاص طور پر بچوں اور خواتین کے لیے کوئی سہولیات نہیں ہیں۔‘‘

انہوں نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ انٹرویو میں مزید کہا، ’’جب آپریشن شروع ہوا تھا تو حکومت نے کہا تھا کہ تین ماہ میں مکمل طور پر متاثرین کی واپسی ہو گی۔ لیکن ابھی تک صرف تقریباﹰ تیس ہزار خاندان ہی واپس گئے ہیں۔ واپس جانے والوں پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔ وہ بنوں یا کسی بھی دوسرے علاقے میں اس وقت تک نہیں جا سکتے جب تک کہ وہ باقاعدہ اجازت نہ لے لیں۔ یعنی ان کی آزادی سلب کر لی گئی ہے۔ نہ کوئی روزگار ہے اور نہ کوئی پوچھنے والا۔‘‘

Pakistan Wasiristan Malik Ghulam Khan Wazir
ایم این اے محمد نظیرتصویر: Privat

ضرب عضب کے متاثرین کی امن کمیٹی کے اس رہنما نے کہا کہ اب وفاقی حکومت کے مطابق رواں برس نومبر تک تمام متاثرین کو واپس بھیج دیا جائے گا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ابھی تو صرف 36 فیصد کی واپسی ممکن ہوئی ہے تو باقی ماندہ تمام خاندانوں کو حکومت کس طرح نومبر تک واپس بھیج سکتی ہے؟ حکومت کو چاہیے کہ 300 یا 500 تک خاندان روزانہ کے حساب سے واپس بھیجے جائیں تاکہ نومبر تک یہ ہدف حاصل ہو سکے، ’’ہمارا سب کچھ تباہ کر دیا گیا ہے۔ گھر، دکانیں، کاروبار اور حکومت کہتی ہے کہ ہر گھر کی تعمیر نو کے لیے صرف چار چار لاکھ معاوضہ دیا جائے گا۔ لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ زیادہ تر متاثرین کو اعلان کردہ رقم بھی مہیا نہیں کی جا رہی۔‘‘

اسی بارے میں وزیر اعظم نواز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی محمد نظیر سے جب ڈی ڈبلیو نے رابطہ کیا، تو انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اسی کوشش میں ہیں کہ متاثرین کی واپسی سے پہلے ان کے علاقوں میں تباہ شدہ اسکولوں، بازاروں، ہسپتالوں اور سڑکوں وغیرہ کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے اور پھر انہیں زیادہ تیز رفتاری سے واپس ان کے علاقوں میں بھیجا جائے۔ لیکن متاثرین کا مطالبہ ہے کہ پہلے انہیں ان کے آبائی علاقوں میں واپس بھیجا جائے اور پھر ان کے سامنے بحالی کے منصوبے مکمل کیے جائیں۔

ایم این اے محمد نظیر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر متاثرہ افراد کے اس مطالبے کے حامی ہیں کیونکہ اس طرح واپسی پر انہیں اپنے لیے روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شمالی وزیرستان میں اب تک 94 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں اورجنوبی وزیرستان میں تیسرے مرحلے میں 153 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین کی باقاعدہ منصوبے کے تحت واپسی جاری ہے اور اب تک 30 ہزار سے زائد خاندان واپس اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔