1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان حملے میں متعدد ہلاک ، ڈک چینی محفوظ

27 فروری 2007

افغانستان میں بگرام کے امریکی فوجی اڈے پر ایک خود کش حملے میں بیس سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کے وقت امریکی نائب صدر ڈک چینی فوجی اڈے پر موجود تھے۔

https://p.dw.com/p/DYHZ
تصویر: AP

طالبان نے اس بم حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اردو کی ایک نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ اس حملے کا ہدف امریکی نائب صدر تھے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق یہ خود کش حملہ بگرام میں قائم امریکی ائر بیس پر ہوا ۔ خود کش حملہ آور نے ائر بیس کے بیرونی دروازے پر پہنچ کر اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اس حملے میں وہاں کام کرنے والے 20 افغان مزدور ، ایک امریکی فوجی ، ایک امریکی ٹھیکیدار اور جنوبی کوریا کا ایک فوجی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔

امریکی ترجمان میجرWilliam Mitchell کے مطابق ڈک چینی، جو دھماکے کے وقت ائر بیس میںموجود تھے ، محفوظ رہے۔ امریکی ترجمان نے مزید بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ حملے کا نشانہ نائب صدر نہیں تھے۔ بگرام میں قائم یہ امریکی اڈہ دارلحکومت کابل سے 64 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔

ا س حملے کے باوجود امریکی نائب صدر نے افغان صدر حامد کرزئی سے کابل میں ملاقات کی اور بعدازاں عمان روانہ ہو گئے۔ اس حملے میں ہلاکتوں کے بارے میں متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں۔