1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کا حملہ، تین پاکستانی فوجی ہلاک

21 جون 2010

پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے اورکزئی میں فوجی قافلے پر عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں کم از کم تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس حملے کے بعد فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/NyQj
تصویر: AP

یہ واقعہ اورکزئی ایجنسی کے گاؤں کاشا کے قریب پیش آیا۔ پاکستانی فوج کے مطابق اس علاقے میں یکم جون سے ایک بڑا فوجی آپریشن جاری ہے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ایک درجن سے زائد عسکریت پسندوں نے علاقے میں گشت کرنے والے فوجی قافلے کو چھپ کر نشانہ بنایا۔

پیرا ملٹری فورس کے ایک عہدیدار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP کو بتایا کہ اس حملے میں پانچ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسلح دستوں کی جانب سے جوابی فائرنگ میں دس عسکریت پسند بھی ہلاک ہو گئے۔ فرنٹیئر کور کے ایک سینیئر عہدیدار نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے تاہم ہلاک شدگان کی تعداد کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی۔

Pakistan Armee Offensive gegen die Taliban
پاکستانی فوج قبائلی علاقوں میں بڑے فوجی آپریشن میں مصروف ہےتصویر: AP

پاکستانی فوج نے اورکزئی ایجنسی میں رواں برس 24 مارچ کو اپنے آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ فوج کا خیال ہے کہ گزشتہ برس جنوبی وزیرستان میں فوجی کارروائی کے بعد طالبان عسکریت پسندوں کی اکثریت نے وہاں سے فرار ہو کر اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں پناہ لے لی تھی۔ تحریک طالبان پاکستان ملک میں رونما ہونے والے پے در پے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث سمجھی جاتی ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ہونے والے ایسے پرتشدد واقعات میں تقریبا تین ہزار 400 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں ناکام بم حملے کی ذمہ داری قبول کرنے اور گرفتار ملزم فیصل شہزاد کی جانب سے اس بیان کے بعد کہ اس نے بم سازی کی تربیت طالبان عسکریت پسندوں سے وزیرستان میں حاصل کی تھی، تحریک طالبان پاکستان کو عالمی سطح پر ایک بڑا خطرہ سمجھا جانے لگا ہے۔

ہفتے کے روز امریکی مندوب برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ ہالبروک نے اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی فوج کی کارروائیوں کو سراہا تھا اور کہا تھا کہ ابھی بھی اس سلسلے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں