1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے خلاف جنگ برسوں جاری رہ سکتی ہے!

22 دسمبر 2009

پاکستانی قبائلی علاقے وزیرستان میں فوجی آپریشن جاری ہے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ فوج اپنے اندرونی دشمن کو واقعی شکست سے دوچار کرنا چاہتی ہے تاہم کئی سوالیہ نشان بھی موجود ہیں۔ نئی دہلی سے کائی کیوسٹنر کا بھیجا ہوا جائزہ۔

https://p.dw.com/p/LAGc
تصویر: picture alliance / landov

امریکی چیف آف جنرل سٹاف مائیکل مولن چند روز پہلے اسلام آباد میں تھے۔ اپنے میزبانوں کے محتاط فوجی آپریشن کو بیان کرنے کے لئے اُنہوں نے بڑے نپے تُلے الفاظ کا انتخاب کیا اور کہا:’’اچھی منصوبہ بندی سے کیا گیا، خوب سوچا سمجھا اور مؤثر آپریشن ہے۔‘‘

ہمیشہ ایسا نہیں تھا کہ امریکہ نے پاکستانی کی فوجی سرگرمیوں یا پھر جمود کو یوں سراہا ہو۔ اِس سال کے اوائل میں، جب پاکستانیوں نے وادیء سوات میں طالبان کے ساتھ امن معاہدہ طے کیا اور اُنہوں نے دارالحکومت اسلام آباد کی جانب بڑھنا شروع کر دیا تو پوری مغربی دُنیا چیخ اُٹھی تھی۔ تاہم اُس کے بعد سے حالات بدل چکے ہیں۔ پہلے فوج نے انتہا پسندوں کو وادیء سوات سے نکالا اور اب قبائلی علاقوں کی باری ہے۔

Pakistan Treffen john Kerry und Yousaf Raza
امریکی سینٹ کی خارجہ امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان کیری کی وزیراعظم گیلانی کے ساتھ ملاقات کی فائل فوٹو۔تصویر: AP

پاکستانی شہر لاہور میں جرمنی کی ہائنرِش بوئیل فاؤنڈیشن کے انچارج گریگور اَیرنسٹ کہتے ہیں:’’پاکستانی فوج اپنی اِس کارروائی میں بہت سنجیدہ ہے، اُس نے جان لیا ہے کہ دشمن صرف ملک سے باہر ہی نہیں ہے بلکہ ملک کے اندر بھی ہے۔ فوج کی چوٹی کی قیادت بے حد سنجیدہ ہے۔‘‘

جنوبی وزیرستان میں طالبان کے خلاف حملے کا آغاز اکتوبر میں ہوا تھا اور تب سے فوجی دَستے مسلسل شمال کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ امورِ سلامتی کے ماہر اور ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود اِس آپریشن کو کامیاب قرار دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ پاکستانی فوج بڑی احتیاط سے اُن طالبان کو الگ کر رہی ہے، جن کے ساتھ اُسے لڑنا ہے:’’پاکستانی وہ کچھ کر رہے ہیں، جو اُنہیں ہر حال میں کرنا ہے، امریکہ کو مطمئن کرنے کے لئے نہیں بلکہ خود اپنے لئے۔ کبھی کبھی یہاں مفادات کا ٹکراؤ بھی ہوتا ہے۔ پاکستان، افغان طالبان کے ساتھ لڑنے کی وہ ذمہ داری اپنے سَر نہیں لینا چاہتا، جو اصل میں امریکہ اور نیٹو پر عائد ہوتی ہے۔‘‘

پاکستانی عوام کو فوج کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونے پر مجبور کرنے کے لئے طالبان نے شہروں کے وَسطی علاقوں میں بڑے پیمانے پر خونریز کارروائیاں کی ہیں۔ اِس کے باوجود غیر معمولی بات یہ ہے کہ عوام اِس فوجی آپریشن کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔ ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود کہتے ہیں:’’بے گناہ انسانوں کے خلاف تشدد کا اُلٹا نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ اِس سے فوج کا عزم مزید پختہ ہو گیا ہے اور عوام بھی انتہا پسندوں کی زیادہ سخت مخالفت کرنے لگے ہیں۔‘‘

Taliban in Afghanistan
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح للہ میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوے۔ فائل فوٹوتصویر: dpa

دوسری طرف طالبان کی اپنی الگ ہی حکمتِ عملی ہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ اگر وہ اپنے خود کُش حملہ آوروں کو شہروں میں بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے تو ایک نہ ایک دن عوام یہ کہنے پر مجبور ہو جائیں گے کہ وہ اِس آپریشن کی اتنی بھاری قیمت ادا نہیں کر سکتے۔

جرمنی کی ہائنرِش بوئیل فاؤنڈیشن کے انچارج گریگور اَیرنسٹ کا بھی یہی خیال ہے کہ آپریشن کی عوامی حمایت شاید ہمیشہ اِسی طرح جاری نہ رہے:’’طالبان کے خلاف یہ جنگ کوئی چھ ماہ کی جنگ نہیں ہے۔ یہ برسوں جاری رہے گی، ویسے ہی، جیسے ہمیں مثلاً سری لنکا میں نظر آئی۔ پاکستانی معاشرہ اگر سنجیدہ ہے اور فوج کی حمایت کرنا چاہتا ہے تو اُسے خود کو کئی برسوں پر پھیلے ہوئے ایک خونریز تصادم کے لئے تیار رکھنا ہو گا۔‘‘

جیسا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی بارہا ہو چکا ہے، اِس بار بھی سارا دار و مدار فوج پر ہے۔ صرف پاکستانی عوام ہی نہیں بلکہ مغربی دُنیا کی نظریں بھی آج کل پاکستانی فوج کی جانب اُٹھ رہی ہیں۔

ترجمہ : امجد علی

ادارت : شادی خان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں