1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے خلاف پاک فوج کی کارکردگی متاثر کن: رچرڈ ہالبروک

16 اگست 2009

خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک نے پاکستان کے دورے پر طالبان کے خلاف پاکستانی فوج کی جاری کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک کی ’کامیابیوں‘ سے متاثر ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JCOf
ہالبروک پاک فوج کی کارروائیوں سے بے حد متاثرتصویر: AP

اس سال جنوری میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک کا یہ پاکستان کا پانچواں دورہ ہے۔

امریکی ایلچی ہالبروک نے اتوار کے روز پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مذید کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شدیدبحران کا سامنا ہے اور امریکہ اس سے نمٹنے کے لئے پاکستانی حکومت کی بھرپور مدد کرے گا۔

Der pakistanische Außenminister Shah Mehmood Qureshi
بیت اللہ محسود کے بعد تیریک طالبان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے: ہالبروکتصویر: picture-alliance/dpa

سوات اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے پاکستانی فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ افغانستان میں موجود نیٹو فورسز بھی پاکستانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور بقول ان کے اسی سبب حالیہ دنوں میں طالبان کو سخت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیت اللہ محسود کے بعد تیریک طالبان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے اور ان کی آپس کی لڑائی ہی کے سبب ابھی تک بیت اللہ محسود کا جانشین بھی مقرر نہیں کیا جا سکا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اس بات پر بھی متفق ہیں کہ سوات میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔

پاکستانی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے سُوات، دیر پائین اور بونیر سے طالبان عسکریت پسندوں کا مکمل طور پر صفایا کردیا ہے اور مجموعی طور پر اب تک اٹھارہ سو شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

Qari Zainuddin
کیا بیت اللہ محسود واقعی ہلاک ہوچکے ہیں؟تصویر: picture alliance / landov

افغانستان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس بارے میں پاکستان کی پالیسی واضح ہے کہ وہ افغان عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

” افغانستان کے عوام کی جانب سے جمہوری طریقے سے منتخب کئے گئے صدر کے ساتھ انتظامی معاملات میں بھرپور تعاون کریں گے، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔“

رچرڈ ہالبروک نے تاہم کہا کہ اس مرتبہ پاکستانی حکام کے ساتھ ان کی ملاقاتوں میں توجہ کا مرکز توانائی کا بحران ہی ہے اور اس حوالے سے وہ پہلی مرتبہ کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔ البتہ ہالبروک نے بھارت ہی کی طرز پر پاکستان کے ساتھ غیر عسکری جوہری ٹیکنالوجی کے ممکنہ معاہدے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔

قبل ازیں رچرڈ ہالبروک نے اسلام آباد میں مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کے علاوہ پاک بھارت تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: گوہر نذیر گیلانی