1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ کرکٹ: نیوزی لینڈ اور سری لنکا کامیاب

20 فروری 2011

عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کے دوسرے میچ میں ایک یک طرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ نے کینیا کو دس وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ کینیا کی ٹیم 23.5 اوورز میں 69 پر ہی آؤٹ ہو گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے یہ ہدف آٹھ اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

https://p.dw.com/p/10Kgy
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جیکب اورمتصویر: AP

ورلڈ کپ کرکٹ سن 2011ء کے گروپ اے کے پہلے میچ میں کینیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن نیوزی لینڈ کی سیم اور سوئنگ بولنگ کے سامنے ان کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور کوئی بھی بلے باز سولہ سے زیادہ رنز نہ بنا سکا۔

بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں کینیا کی طرف سے نمایاں بلے بازوں میں واٹرز اور پٹیل شامل رہے، دونوں نے ہی سولہ سولہ رنز سکور کیے۔

کینیا کی تمام ٹیم 107 منٹ کے اندر ہی آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ہامِش بینیٹ نے چار جبکہ جیکب اورم اور ٹِم ساؤتھی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

Flash-Galerie Cricket Brendon McCullum
برینڈں میکیلم نے ناقابل شکست اننگرز کھیلی اور چھبیس رنز بنائےتصویر: AP

جواب میں نیوزی لینڈ نے 70 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا اور اوپنرز مارٹین گپٹل اور برینڈن میکیلم نے آٹھ اوورز میں ہی یہ میچ تمام کر دیا۔ گپٹل نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے انتالیس رنز بنائے جبکہ میکیلم نے چھبیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس میچ کا بہترین کھلاڑی بینیٹ کو قرار دیا گیا۔

گروپ اے کےسلسلے میں اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سری لنکا نے کینیڈا کو 210 رنز سے شکست دی۔ سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے، جن میں مہیلا جے وردھنے کی وہ شاندار سنچری بھی شامل ہے، جو سری لنکا کے کسی کھلاڑی کی جانب سے اب تک کسی ورلڈ کپ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری ہے۔ اُنہوں نے یہ سنچری صرف 80 گیندوں پر بنائی۔ جواب میں کینیڈا کی پوری ٹیم 122 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں