1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ کی میزبانی: پی سی بی اور آئی س سی میں معاملہ طے

27 اگست 2009

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ عالمی کپ 2011 کی میزبانی پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے تنازعہ حل ہو گیا ہے۔ اگرچہ پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا تاہم اسے چودہ میچوں کی فیس کے علاوہ اضافی رقم بھی دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/JJe3
ڈیوڈ مورگن، بائیں جانبتصویر: AP
جمعرات کے دن پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے چئیر مین اعجاز بٹ اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کے صدر ڈیوڈ مورگن کے مابین دبئی میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں فریقین ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے۔ اس سمجھوتے کےتحت ، اب پاکستان آئی سی سی کے خلاف دائر کردہ قانونی نوٹس سے دستبردار ہو جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس معاہدے پر جلد ہی دستخط بھی کر دئے جائیں گے۔

اس سمجھوتے کے مطابق اگرچہ سن 2011 ء عالمی کپ کا کوئی بھی میچ پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا تاہم آئی سی سی پاکستان کو ان چودہ میچوں کی فیس ادا کرے گی جو پاکستان میں کھیلے جانے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو دس ملین ڈالر کی اضافی رقم بھی دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیر مین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ جمعرات کے دن آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے میں اس شق کو ڈالنے پر بھی زور دیا گیا ہے کہ اگر پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آتی ہے تو عالمی کپ 2011 ء کے کچھ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں۔

Anschlag auf Cricket Team in Pakistan
لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد عالمی کپ کے میچ پاکستان سے باہر منتقل کئے گئےتصویر: picture-alliance/ dpa

واضح کی عالمی کپ 2011 ء کے چودہ میچ پاکستان میں کھیلے جانے تھے تاہم تین مارچ کو لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد، سیکیورٹی وجوہات پر آئی سی سی نے یہ میچ پاکستان سے دیگر ممالک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کی تھی۔

تین مارچ کو لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں سری لنکا کے کھلاڑی اور ان کا اسسٹنٹ کوچ زخمی ہو گیا تھا۔ اس کارروائی میں پاکستانی پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد آئی سی سی نے پاکستان میں کھیلے جانے والے میچوں کو بھارت ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان تقسیم کردیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان