1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جنوبی کوریا میں جاری

24 نومبر 2009

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی زیر نگرانی یہ چیمپیئن شپ جنوبی کوریا کے شہر گویانگ میں بیس نومبر سے شروع ہوئی اور رواں ماہ انتیس تاریخ تک جاری رہے گی۔

https://p.dw.com/p/KdxQ
تصویر: AP

ترتیب کے اعتبار سے یہ مردوں کی ستترویں اور خواتین کی بیسویں چیمپیئن شپ ہے۔ اس عالمی مقابلے کی افتتاحی تقریب اُنیس نومبر کو منعقد ہوئی۔ اِس رنگا رنگ تقریب میں شائقین کے علاوہ مردو خواتین ویٹ لفٹرز اور ٹیموں کے آفیشیلز شریک ہوئے۔

وزن اٹھانے والوں ایتھلیٹوں کی عالمی چیمپیئن شپ کی میزبانی انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے علاوہ ایشیائی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کی ایسوسی ایشن اور گویانگ شہر کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کر رہی ہیں۔ عالمی چیمپیئن شپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل بین الاقوامی فیڈریشن کے حکام اپنی خصوصی میٹنگوں میں بھی شریک رہے جس میں مستقبل کے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

گویانگ میں جاری ویٹ لفٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ کا موٹو ہے: لفٹ دی لِمٹ یعنی اپنی حد تک وزن اٹھاؤ۔ ایک سو ملکوں کے مردوزن ایتھلیٹس شریک ہیں۔ ان ایتھلیٹوں کی تعداد چھ سو ہے اور چار سو دیگر شرکاء منیجر اور کوچ صاحبان ہیں۔

گویانگ چیمپیئن شپ میں انتہائی جدید انداز کے وزن مقابلے میں رکھے گئے ہیں جن کو ایتھلیٹ فرینڈلی قرار دیا گیا ہے۔ وزن اٹھانے کی کیفیت کو انسانی آنکھ کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر سے بھی چیک کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ جس ہال میں چیمپیئن شپ کے مقابلے جاری ہیں وہاں کم از کم دو ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ مقابلے کے ہال کے علاوہ ویٹ لفٹرز کے لئے پریکٹس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

اِس چیمپیئن شپ میں صرف وہ ویٹ لفٹرز شرکت کے اہل ہیں جن کے ملکوں کی تنظیموں کا الحاق بین الاقوامی فیڈریشن کے ساتھ موجود ہے۔ کوئی ویٹ لفٹرز انفرادی سطح پر شریک نہیں ہو سکتا۔

گویانگ عالمی چیمپیئن شپ برائے ویٹ لفٹنگ میں مرد ایتھلیٹ وزن اٹھانے کے آٹھ مختلف درجوں میں شریک ہیں جبکہ خواتین ویٹ لفٹرز سات کیٹگریوں میں شامل ہیں۔ مردوں کے وزن کی کیٹگری چھپن کلوگرام سے ایک سو پانچ کلو گرام تک ہے۔ یہ کیٹگریاں مختلف درجوں میں تقسیم ہیں۔ اسی طرح خواتین کے وزن کی ابتداء اڑتالیس کلوگرام سے ہوتی ہے۔ اِس حوالے سے ہر وزن لیول پر تین مزید درجے ہیں جن کو سنیچ، کلین اور جرک قرار دیا جاتا ہے۔ یہ درجے، جن کے تحت ویٹ لفٹر وزن اٹھاتا ہے مثلاً وہ اگر وزن اٹھا کر اُس کو کندھے کے قریب روک کر اپنا توازن برابر کرنے کے بعد ایک جھٹکے کے ساتھ وزن بلند کرتا ہے اور ایسے میں اُس کی ایک ٹانگ آگے جانا ضروری ہوتا ہے، اِس کو سنیچ کہا جاتا ہے۔

Gewichtheben in Ladenburg - Almir Velagic
گویانگ چیمپیئن شب میں ایک سو ملکوں کے ایتھلیٹس شریک ہیںتصویر: DPA

ہر کیٹگری کے فائنل لیول پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو گولڈ میڈل دیا جائے گا۔ دوسری پوزیشن کا حامل ویٹ لفٹر چاندی اور تیسری پوزیشن والے کو کانسی کا تمغہ دیا جائے گا۔ عالمی چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والے ہر ویٹ لفٹرز کو اعزازی سرٹیفیکٹ دیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے لئے ٹرافیز بھی رکھی گئی ہیں۔

عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کا میزبان شہر گویانگ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے قریب واقع ہے اور اس میں کئی مشہور تعلیمی ادارے واقع ہیں۔ خاص طور پر یہاں کی کوریا ایرو اسپیس یونیورسٹی خاصی مشہور ہے۔

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کا قیام سن انیس سو پانچ میں ہوا تھا اور اِس کا صدر دفتر یورپی ملک ہنگری کے دارالحکومت بداپیسٹ میں قائم ہے۔ اِس کے رکن ملکوں کی تعداد ایک سوستاسی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل