1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عدالت کا آسٹریلیا اور ملائیشیا کے معاہدے کے خلاف فیصلہ

8 اگست 2011

آسٹریلیا کی ایک عدالت نے ملک میں پناہ کے متلاشی افراد کو ملائیشیا واپس بھیجنے پر عائد عارضی پابندی میں توسیع کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت کو ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12CzB
تصویر: AP

آسٹریلیا کی ہائی کورٹ نے آج پیر کو کینبرا میں سماعت کے دوران کہا کہ 22 اگست کو اگلی سماعت میں اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ عدالت کے اس فیصلے سے وزیر اعظم جولیا گیلارڈ کی سرحدی سلامتی کی پالیسی تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا اور ملائیشیا کے درمیان حال ہی طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت آسٹریلیا کشتی کے ذریعے ملک میں پہنچنے والے افراد میں سے آٹھ سو کو واپس ملائیشیا بھیج دے گا اور اس کے بدلے ملائیشیا کی جانب سے ان 4 ہزار 8 سو افراد کو قبول کرے گا، جنہیں باقاعدہ مہاجر کی حیثیت دی جا چکی ہے۔

کشتیوں میں سوار ہو کر آسٹریلیا پہنچنے والے پناہ کے متلاشی افراد کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے ہائی کورٹ آف آسٹریلیا میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس انہیں ملائیشیا بھجوانے کا قانونی اختیار نہیں ہے۔

ہائی کورٹ کے جج کینتھ ہائن نے کہا، ’یہ مقدمے میں کافی سنگین سوال ہے‘۔ بعد میں انہوں نے مقدمے کو عدالت کے فل بنچ کے حوالے کر دیا، جو 22 اگست کو اس پر غور کرے گا۔

اس سے قبل وزیر اعظم گیلارڈ کی حکومت نے مشرقی تیمور کے ساتھ کشتی میں سوار پناہ کے متلاشی افراد کو قبول کرنے کا معاہدہ کیا تھا مگر وہاں کی پارلیمان نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اگر وہ ملائیشیا کے ساتھ بھی معاہدے میں ناکام ہو گئیں تو رائے دہندگان میں یہ احساس زور پکڑ جائے گا کہ ان کی حکومت پالیسی بنانے کی اہلیت نہیں رکھتی اور وہ اپنے بڑے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

Internierungslager in Griechenland FLASH-GALERIE
آسٹریلیا کی عدالت نے حکومت کو پناہ کے متلاشی افراد کوملائیشیا واپس بھیجنے سے روک دیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

آسٹریلیا میں پناہ طلب کرنے والوں کا مسئلہ کافی عرصے سے سیاسی رنگ اختیار کر چکا ہے اور اس سے گزشتہ انتخابات کے نتائج پر بھی فرق پڑا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے اس معاہدے کے تحت 16 افراد کو آج ملائیشیا بھیجنا تھا۔ یہ افراد ایک کشتی میں سوار ہو کر گزشتہ ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا پہنچے تھے۔ کشتی میں سوار 54 افراد میں سے 19 بچے تھے اور ان میں سے 14 کے ہمراہ کوئی بالغ نہیں تھا۔

پناہ طلب کرنے والے افراد کے وکلاء نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ لوگوں کو ایسے ملک بھیجنا غیر قانونی ہے، جس نے انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قوانین پر دستخط نہیں کیے ہوئے۔

Australien Flüchtlingsdrama
بحر ہند کے کرسمس آئی لینڈ پر سب سے بڑا حراستی مرکز واقع ہے جہاں آسٹریلیا پناہ کے متلاشی افراد کی بڑی تعداد موجود ہےتصویر: AP

انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ترجمان گراہم تھوم نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا، ’ہائی کورٹ کا آج کا فیصلہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اس مؤقف کی تائید ہے کہ ملائیشیا کے ساتھ ہونے والا معاہدہ غیر انسانی، غیر موزوں اور آسٹریلوی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ممکنہ طور پر غیر قانونی ہے‘۔

ایمنسٹی نے کہا کہ اس کے پاس ملائیشیا میں پناہ طلب کرنے والے افراد کے خلاف انسانی حقوق کی متعدد خلاف ورزیوں کا دستاویزی ریکارڈ موجود ہے، جن میں من مانی گرفتاریاں، تشدد، مزدوروں کا استحصال اور جنسی زیادتیاں شامل ہیں۔ گراہم تھوم نے کہاکہ اس معاہدے سے انسانی اسمگلروں کو سزا دینے کی بجائے بچوں کو سزا دی جا رہی ہے۔

ملائیشیا کے ساتھ حالیہ معاہدہ مختلف حراستی مراکز میں تشدد اور مظاہروں کے بعد کیا گیا ہے۔ ان میں سے سب سے بڑا حراستی مرکز بحر ہند کے کرسمس آئی لینڈ پر واقع ہے، جو پناہ کے متلاشی افراد سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں