1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عدلیہ اور حکومت کے درمیان محاذآرائی

رپورٹ رفعت سعید/ ادارت عدنان اسحاق 11 جولائی 2009

اگر پارلیمنٹ اختیارات سے تجاوز کرے تو سپریم کورٹ ایسے فیصلوں کو رد کرسکتی ہے، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد

https://p.dw.com/p/Ilhj
تصویر: AP

سپریم کورٹ کے حکم پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کئے جانے کے بعد صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قیمتیں دوبارہ بڑھانے پرجہاں عدلیہ اور حکومت کے درمیان محاذآرائی دیکھنے میں آ رہی ہے وہیں پیپلز پارٹی اور اسکی حلیف جماعت مسلم لیگ ن کے درمیان بھی فاصلے بڑھ رہے ہیں اس بے یقینی کی صورتحال کو قانونی اور معاشی حلقے ایک دوسرے تناظر میں دیکھتے ہیں۔

چیف جسٹس کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے سول سوسائٹی کے ارکان اور ماہر معاشیات قیمتوں کے تنازعہ کو کسی اور نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی کی مہم میں بنیادی نکتہ پارلیمنٹ کی بالادستی تھا۔ لیکن جب پارلیمنٹ نے متفقہ طورپر بجٹ تجاویز میں نئی قیمتوں کی منظوری دے دی ہے تو ایسے میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے اس میں مداخلت نے کئی سوالوں کو جنم دیا ہے۔

معاشی تجزیہ نگار یوسف نذر کا کہنا ہے کہ معاشی معاملات پیچیدہ ہوئے ہیں لہٰذا عدلیہ اس میں مداخلت نہیں کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تنازعہ کا جامہ حل عدلیہ کی طرف سے نہیں آسکتا۔ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد کا کہنا ہے کہ اگر پارلیمنٹ اختیارات سے تجاوز کرے تو سپریم کورٹ ایسے فیصلوں کو رد کرسکتی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ عوام بھوک اور افلاس کا شکار ہو رہے ہیں ایسے میں عوام کی دادرسی صرف عدلیہ کرسکتی ہے۔

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر بخش رئیس صدارتی آرڈیننس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے عمل کو سیاسی محاذآرائی قرار دیتے ہیں۔

حکومت کی حلیف جماعت مسلم لیگ ن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو درست تصور کرتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے سیکیرٹری اطلاعات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انکی جماعت غیرمقبول فیصلوں کی حمایت نہیں کرسکتی۔

سیاسی مبصرین کے بقول سپریم کورٹ کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے فیصلہ کو جس طرح عوامی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں حکومت کو اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے ہونگے ورنہ عوامی ردعمل حکومت مخالف تحریک کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔