1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عرب لیگ کا دو روزہ سربراہ اجلاس شروع

27 مارچ 2010

عرب لیگ کے سربراہ امر موسیٰ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے اعلان سے خطے میں امن عمل کو شدید نقصان پہنچے گا۔ وہ عرب لیگ کے سالانہ سے خطاب کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/MfpP
تصویر: AP

بائیس ملکوں کی تنظیم عرب لیگ کا سالانہ سربراہ اجلاس ہفتہ اور اتوار کے ایام کو افریقی ملک لیبیا کے اہم شہر سرت میں شروع ہوگیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی اِس کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں بحث کرنے کے لئے بہت سارے موضوعات ہیں لیکن حسب روایت اِس بار بھی سمٹ کے شرکاء اسرائیل فلسطین تنازعے کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ خاص طور پر مشرقی یروشلم کے حتمی حثیت کو موضوع بحث بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ سربراہ اجلاس ایک ایسے وقت میں شروع ہو رہا ہے، جب غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان تناؤ کی شدید کیفیت پائی جاتی ہے۔ اسی طرح مشرقی یروشلم کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم کے مختلف بیانات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ ماہرین کا اتفاق ہے کہ مشرقی یروشلم کی حتمی حیثیت پر گرما گرم بحث اِس بار کانفرنس کا یقینی موضوع ہے۔ اِس مناسبت سے سرت عرب لیگ سمٹ کو یروشلم کانفرنس کا نام بھی دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اِس حوالے سے عرب لیگ کے سربراہ امرموسیٰ کے چیف آف سٹاف ہشام یوسف نے بھی صحافیوں سے بات چیت کے دوران اشارہ دیا۔ یوسف نے غیر واضح انداز میں بتایا کہ لیبیا مشرقی یروشلم کی عرب آبادی کی مدد کے لئے چار سو ملین ڈالر مختص کر سکتا ہے لیکن اس بارے میں لیبیا کی جانب سے حتمی اعلان ہونا باقی ہے۔ تازہ سربراہی اجلاس میں یروشلم سمیت کئی دوسرے امور پر قرارداد منظور ہونے کا بھی امکان ہے۔

عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں لبنان کے صدر مشاعیل سلیمان شرکت نہیں کریں گے۔ لبنان اکتیس سال قبل سن 1978ء میں لیبیا میں لاپتہ ہو جانے والے اپنے شیعہ عالم دین امام موسیٰ صدر کے بارے میں مکمل معلومات کا خواہاں ہے۔ لبنان شروع میں اِس مناسبت سے سمٹ کا بائیکاٹ کرنا چاہتا تھا مگر بعد میں حکومتی سطح پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ مصر میں لبنانی سفیر کانفرنس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ سمٹ میں مصری صدر حسنی مبارک بھی خرابیء صحت کی بنا پر شرکت سے محروم ہوں گے۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن معمر القدافی کی دعوت پر کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

Gipfel der arabischen Liga in Doha Katar
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل امر موسیٰ اس کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کے ہمراہتصویر: AP

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی شرکائے کانفرس سے اتوار کو خصوصی خطاب کریں گے۔ لیبیا نے تو اطالوی وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی کو بھی سمٹ مبں بطور مہمان شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔

عرب لیگ کا اجلاس باری باری ممبر ملکوں میں ہوتا ہے۔ اِس سال کے اجلاس کا میزبان ملک عراق تھا، لیکن وہاں کی مجموعی صورت حال کے با عث حکومت نے معذوری کا اظہار کیا تو اگلا نام قرن افریقہ کے ملک جبوتی کا تھا مگر وہاں کی حکومت نے بھی اس کے انعقاد سے معذرت کر لی۔ اِس طرح میزبانی کا اعزاز لیبیا کو حاصل ہوا۔

بندر گاہی شہر سرت لیبیا کا ایک نیا پھیلتا ہوا شہر ہے۔ یہ مقام لیبیا کے لیڈر معمر القدافی کا جائے پیدائش بھی ہے۔ یہ دارالحکومت تریپولی سے پانچ سو کلو میٹر دور خلیج سدرا کے کنارے پر آباد ہے۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : عاطف توقیر