1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’علیل شمعون پیریز کی حالت نازک ہے‘، معالجین

عابد حسین14 ستمبر 2016

اسرائیل کے بزرگ سیاستدان شمعون پیریز فالج کے حملے باعث شدید علیل ہیں۔ وہ کئی دہائیوں تک اسرائیلی سیاست میں فعال رہتے ہوئے تقریباً سبھی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1K1hO
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Büttner

اسرائیل کے سابق صدر اور دو مرتبہ وزیراعظم رہنے والے سیاستدان شمعون پیریز فالج کا شکار ہو گئے ہیں۔ جس ہسپتال میں وہ زیر علاج ہیں، اُس کے انچارج اسحاق کرائزس نے بتایا ہے کہ ان کی حالت نازک مگر مستحکم ضرور ہے۔ معالجین نے اِس امید کا اظہار کیا ہے کہ اُن کے جسم میں ادویات کے مثبت اثرات نمودار ہونا شروع ہو گئے ہیں اور بحالیٴ صحت ممکن ہے۔

اُن کے داماد رافی والڈن نے واضح کیا ہے کہ فوری طور پر اُن کی جان کو بظاہر کوئی خطرہ دکھائی نہیں دے رہا اور ڈاکٹروں کو یقین ہے کہ وہ فالج کے اِس حملے سے باہر آ جائیں گے۔ والڈن نے یہ بھی بتایا کہ ہاتھ ملاتے ہوئے جواباً اُن کے سسر مصافحہ کرنے والے کے ہاتھ کو زور سے دبانے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ ایک مثبت اشارہ ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔

Israel Schimon Peres
سابق اسرائیلی وزیراعظم کو فالج کے حملے کا سامنا ہےتصویر: Reuters/B. Ratner

پیریز اس وقت مشرقِ وسطیٰ کے انتہائی جدید ہسپتال شیبا میڈیکل سینٹر میں زیر علاج ہیں۔ اسی ہسپتال میں چند ہفتے قبل اُن کے دل کا ایک چھوٹا سا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ اِس ہسپتال کے ڈائریکٹر اسحاق کرائزس نے بتایا ہے کہ منگل اور بدھ کی رات پیریز کے طبیعت میں مزید کوئی پیچیدگی پیدا نہیں ہوئی۔ شیبا میڈیکل سینٹر اسرائیل کے مالیاتی مرکز تل ابیب کے نواح میں رامت غان میں واقع ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ ہی کا نہیں بلکہ دنیا بھر میں طبی ریسرچ کے انتہائی نمایاں مراکز میں شمار کیا جاتا ہے۔

شمعون پیریز کی عمر ترانوے برس کی ہے۔ سن 1993 میں انہیں اوسلو امن معاہدے کے طے پانے پر نوبل امن پرائز سے بھی نوازا گیا تھا۔ منصب صدارت سے فارغ ہونے کے بعد وہ اپنے ریسرچ ادارے پیریز سینٹر برائے امن کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہیں۔ یہ مرکز فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن کی بحالی کی کوششوں میں ہے۔ وہ مشرق وسطیٰ کے دیرینہ تنازعے کے حل اور امن کے حصول کے سرکردہ افراد میں شمار کیے جاتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور صدر ریولِن سمیت دوسرے سیاستدانوں نے پیریز کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔