1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمر گل نے جنوبی افریقہ کو 380 تک محدود کر دیا

13 نومبر 2010

پاکستانی تیز گیند باز عمر گل کے متاثر کن سپیل نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن اُس کی پہلی اننگز میں 380 رنز تک محدود کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q7r3
گراہم سمتھتصویر: AP

دبئی میں کھیلے جا رہے اس میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم کے چھ کھلاڑی محض 56 رنز بنا سکے۔ گل نے 9 اوورز میں 19 رنز دے کر تین بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ انہوں نے آف سٹمپ سے قدرے باہر کی لائن پر گُڈ لینتھ برقرار رکھی اور معمولی سیم موومنٹ سے فائدہ اٹھایا۔ سپنر عبد الرحمان نے بھی تین جبکہ سعید اجمل اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقی ٹیم پہلے روز محض تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 311 رنز کا مجموعہ سجا چکی تھی تاہم دوسرے دن وہ اس کارکردگی کو قائم نہ رکھ سکی۔ ان کے نمایاں بلے بازوں میں کپتان گراہم سمتھ رہے، جنہوں نے 100 رنز بنائے۔ انہوں نے 152 گیندوں کا سامنا کیا اور آخر میں وہاب ریاض کی باؤلنگ پر توفیق عمر کو کیچ دے بیٹھے۔ سمتھ نے ریاض کی شارٹ پچ گیند کو سکوائر لیگ باؤنڈری کے باہر پھینکنے کی کوشش کی تھی مگر گیند بلے کا کنارہ لیتی ہوئی باؤنڈری پر کھڑے عمر کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی۔

Danish Kaneria
دانش کنیریا پی سی بی کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے سبب میچ میں شرکت نہ کرسکےتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے مجموعے کو 380 تک پہنچانے میں ہاشم آملہ کے 80، ژاک کیلس کے 73 اور الویرو پیٹرسن کے 67 رنز کا کردار بھی اہم رہا۔

پاکستان کی جانب سے توفیق عمر اور محمد حفیظ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم میں وکٹ کیپر عدنان اکمل اور محمد حفیظ کو شامل کیاگیا ہے۔ ذوالقرنین حیدر کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے عدنان، وکٹ کیپر کامران اکمل کے چھوٹے بھائی ہیں۔ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان مصباح الحق، توفیق عمر، محمد حفیظ، یونس خان، اظہر علی، عمر اکمل، عدنان اکمل، عبدالرحمٰن، وہاب ریاض، سعید اجمل اور عمر گل۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کپتان گراہم سمتھ، الویرو پیڑسن، ہاشم آملہ، جیک کیلس، اے بی ڈویلیئر، مارک باؤچر، جوہان بوتھا، پال ہیرس، اے جی پرنس، ڈیل سٹین اور مارنی مارکل شامل ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں