1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'عینک والا جن کی ’بل بتوڑی‘ بھیک مانگنے پر مجبور‘

صائمہ حیدر
6 جنوری 2017

پاکستانی میڈیا  کے مطابق نوے کی دہائی میں سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے بچوں کی مقبول ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کی اداکارہ المعروف ’بل بتوڑی‘ بھیک مانگ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

https://p.dw.com/p/2VQ2f
Screenshot: Twitter Molvisays
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی اِس ڈرامے کے مداحوں نے نصرت آرا اور دیگر فنکاروں کے حالات پر افسوس کا اظہار کیا ہےتصویر: Twitter/Molvisays

پاکستانی سرکاری ٹیلی وژن پر نوے کی دہائی میں نشر کیے جانے ولے بچوں کے ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کو مقبول ترین پروگرام قرار دیا جا سکتا ہے۔ نستور جن، زگوٹا، ہامون جادو گر اور بل بتوڑی کے کردار آج بھی اُس دور کے بچوں اور بڑوں کے ذہنوں میں نقش ہیں۔ بچے ہر قیمت پر جنوں اور جادوگروں کی کہانیوں  پر مشتمل اس کامیڈی ڈرامہ سیریل کو دیکھنا چاہتے تھے۔

 تاہم پاکستانی میڈیا میں شائع ہوئی خبروں کے مطابق  اِس ڈرامے کے ہر دلعزیز اداکار آج کل کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹویٹر پر بھی کچھ روز سے ’ہیش ٹیگ عینک والا جن اور بل بتوڑی‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

پاکستان کے مقامی انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبیون نے ڈرامے میں بل بتوڑی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نصرت آرا سے گفتگو کے حوالے سے لکھا ہے کہ نصرت فالج کا شکار ہونے کے بعد بہت ہی برے حالات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

نصرت آرا نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ اُن کے کھانے اور پیسوں کا انتظام لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ نصرت آرا نے پاکستان کے انگریزی روزنامے کو یہ بھی بتایا کہ ڈرامے کے دو مزید مقبول کردار نبھانے والے ببو برال اور مستانہ بھی انتہائی برے حالات میں انتقال کر گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی اِس ڈرامے کے مداحوں نے نصرت آرا اور دیگر فنکاروں کے حالات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی نیوز اینکر پرسن غریدہ فاروقی لکھتی ہیں، ’’ان کی وجہ سے بچپن میں ہمیں ایک اچھا ڈرامہ سیریل دیکھنے کو ملا۔ ہمیں چاہیے کہ نصرت کو ایک صحت مند مستقبل دیں۔‘‘