1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'غبارے کے ساتھ اڑنے' والا بچہ مل گیا

16 اکتوبر 2009

امریکہ میں ایک چھ سالہ بچہ تقریبا چار گھنٹے بعد زندہ مل گیا ہے۔ اس کے بارے میں خیال تھا کہ وہ گرم ہوا کے ایک تجرباتی غبارے کے ساتھ اڑ گیا ہے۔ اس واقعے سے کولوراڈو میں خوف کی لہر دوڑ گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/K79F
تصویر: AP

تاہم فیلکن ہین نامی یہ بچہ اپنے گھر کے گیراج میں چھپا پایا گیا۔ کولوراڈو میں جمعرات کو ایک غبارہ دو گھنٹے سے زائد ہوا میں اڑنے کے بعد زمین پر اترا تھا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ فیلکن غبارے میں موجود تھا۔ تاہم غبارے کے زمین پر اترنے کے بعد اسے خالی پایا گیا۔

بعض عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے غبارے میں سے کسی چیز کو گرتے ہوئے دیکھا، جس سے خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ بچہ غبارے کی پرواز کے دوران کہیں گر گیا۔

قبل ازیں پولیس اور فوج غبارے کو زمین پر اتارنے کی کوششیں کرتی رہی۔ انہیں خدشہ تھا کہ اس میں ہیلیئم ختم ہونے سے وہ زمین پر گر سکتا تھا۔

یہ غبارہ انتہائی تیز رفتاری سے ہوا میں اڑتا رہا۔ ایک امریکی ٹیلی ویژن کے مطابق اس غبارے کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ اس کی بلندی پچیس سو میٹر!

6 jähriges Kind fliegt in HOT AIR BALOON
یہ غبارہ دو گھنٹے سے زائد ہوا میں اڑتا رہاتصویر: AP

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ غبارہ اس بچے کے والدین کی ملکیت تھی۔ وہ اپنے بھائی کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔ بعدازاں اس کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ فیلکن غبارے کے اندر چلا گیا، جس کے بعد غبارہ ہوا میں بلند ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ غبارہ دراصل کسی فرد کی سواری کے لئے نہیں بنایا گیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا، 'ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا، کہ ہم نے کس بچے کی تلاش شروع کی اور جب اس کو پتا چلا کہ ہر کوئی اسے ڈھونڈ رہا ہے تو وہ خوفزدہ ہوکر چھپ گیا۔'

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ