1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کی تازہ ترین صورتحال

ندیم گل14 جنوری 2009

غزہ پٹی میں بدھ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی کے 19 ویں روز ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فریقین کے درمیان فائربندی کے لئے عالمی کوششیں بھی جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/GYDo
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شدت دیکھی جارہی ہےتصویر: AP

اس حوالے سے فرانس نے حماس سے براہ راست مذاکرات پر مشروط رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

فرانس نے کہا ہے کہ حماس تشدد کا راستہ چھوڑ کر اسرائیل کو تسلیم کرلے تو پیرس اس سے براہ راست مذاکرات کو تیار ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ Bernard Kouchner نے بدھ کو پیرس میں اپنے پارلیمان کو غزہ کے بحران پر بریفنگ کے دوران کہا کہ عالمی برادری کو فائربندی کے لئے پیچیدہ رکاوٹوں کا سامنا ہے تاہم فائربندی کا خاکہ ابھرنا شروع ہوگیا ہے۔

ban ki moon
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کو مون خطے کے دورے میں قاہرہ پہنچ گئے ہیںتصویر: ap

اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی کی کوششوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون بھی مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں۔ انہوں نے قاہرہ میں مصری صدر حسنی مبارک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں فریقین کے درمیان ایک مرتبہ پھر فوری فائربندی پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری فائر بندی کی کوششوں کے تناظر میں اردن، اسرائیل، مغربی کنارے، ترکی، شام اور لبنان کا دورہ بھی کریں گے۔ وہ آئندہ پیر کو کویت میں عرب لیگ کے ایک اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

BdT Israel greift Hamas an
اسرائیل کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب سے رکٹ حملوں کا سلسلہ بند ہونے تک حملے جاری رکھے جائیں گےتصویر: AP

اسپین کے وزیرخارجہ Miguel Moratinos نے بھی مصری صدر حسنی مبارک سے ملاقات کی۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فائر بندی کے لئے معاہدہ جلد ہو جائے گا۔ فائربندی پر غور کے لئے حماس کا ایک وفد بھی قاہرہ میں موجود ہے۔

شام کے صدر بشارالاسد نے بھی غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایک برطانوی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں میں کہا کہ غزہ کو سیاسی اور انسانی بحران کا سامنا ہے جسے حل کرنا ہوگا، بصورت دیگر انتہاپسندی کے بیج ہی بوئے جائیں گے۔ بشارالاسد نے فائر بندی کے لئے اسرائیل کے کردار پر زور دیا: "اسرائیل فائربندی کا احترام کرے، ماضی میں ایسا نہیں ہوا، وہ نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بھی اٹھائے۔ اس کے بغیر پائیدار فائربندی ممکن نہیں۔‘‘

Israelische Offensive in und um Gaza Dienstag 6. Jan 09 Freies Format
اسرائیلی فوج فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بھاری توپ خانے کی مدد سے زمینی حملے بھی جارے رکھے ہوئے ہےتصویر: AP

ان عالمی کوششوں کے باوجود غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کو غزہ پر 60 فضائی حملے کئے گئے۔ حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی علاقوں پر راکٹ حملے جاری ہیں۔ 27 دسمبر سے جاری اس لڑائی میں اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی اور 13 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

بدھ کی صبح لبنان کی طرف سے بھی اسرائیل کے شمالی علاقے پر تین راکٹ فائر کئے گئے جس کے ردعمل میں اسرائیل نے جنوبی لبنان پر 17 شیل فائر کئے۔ لبنانی علاقے سے اسرائیل پر ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ راکٹ حملے ہوئے ہیں جس کے بعد لبنان کے وزیر اطلاعات Tarek Mitri نے کہا ہے کہ لبنان کو اس تنازعے میں الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Kämpfe im Gazastreifen
لبنانی علاقوں سے راکٹ حملے، یہ ایک ہفتے میں دوسرا واقعہ ہےتصویر: AP

غزہ کے اس حالیہ تنازعے کے حوالے سے القاعدہ کی جانب سے انٹرنیٹ پر ایک آڈیو ٹیپ جاری کی گئی ہے جسے اسامہ بن لادن سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ اس ٹیپ میں القاعدہ کے سربراہ نے اسرائیل کے خلاف جہاد کی آواز اُٹھائی ہے۔