1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن کا قتل، سوشل میڈیا پر شور

عاطف توقیر28 اپریل 2016

پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی میں ایک لڑکے نے اپنی 17 سالہ بہن کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ اس خبر کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر honorkilling کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

https://p.dw.com/p/1Iegr
Symbolbild Ehrenmorde Gewalt gegen Frauen
تصویر: picture-alliance/dpa

گو کہ پاکستان کے قدامت پسند معاشرے میں اس طرح کے واقعات تواتر سے پیش آتے رہتے ہیں، تاہم کراچی جیسے شہری علاقے میں اس نوعیت کے واقعات کم کم دیکھنے میں آتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم حیات نے اپنی بہن سمیراکو کسی شخص سے باتیں کرتے دیکھا، تو اس کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا اور پھر ہسپتال لے جانے کی بجائے وہیں تڑپتے چھوڑ دیا۔ پولیس کے مطابق بعد میں یہ لڑکی ہسپتال پہنچائی گئی، تاہم زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے سمیرا زندگی کی بازی ہار گئی۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا پر #honorkilling ٹرینڈ کرنے لگا۔

ٹوئٹر کے ایک صارف ملالی بشیر کا کہنا ہے، ’’پاکستانی کالجوں کے طلبہ ایک شخص کے ہاتھوں غیرت کے نام پر اپنی بہن کے قتل کے بعد جشن منا رہے ہیں۔‘‘

اس کے جواب میں ایک سوشل میڈیا صارف مارسیلا کا کہنا ہے، ’’یہ ایک نہایت خوف ناک بات ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو اس واقعے پر ذرا بھی تشویش نہیں۔‘‘

ایک اور ٹوئٹر صارف جاوید یوسف کا کہنا ہے، ’’اور پھر آپ الزام دیتے ہیں شرمین عبید چنائے ایسی فلمیں کیوں بناتی ہیں؟‘‘

فیس بک پر بھی اسی ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک صارف عبدالعزیز خان زادہ کا کہنا ہے، ’’ہمارے معاشرے میں اگر کوئی لڑکی موبائل فون استعمال کرتی ہے یا سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہے، تو اسے غلط تصور کیا جاتا ہے، مگر ایسی کوئی پابندی لڑکوں پر کیوں نہیں؟‘‘

ایک اور فیس بک صارف موسیٰ بیگ کا کہنا ہے، ’’لڑکی نہیں بلکہ ایسے بھائی اور باپ غیرت سے عاری ہیں، جو اپنی بیٹیوں کو اس طرح قتل کرتے ہیں۔‘‘