1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’غیرت کے نام پر قتل‘ کے خلاف قانون سازی جلد ہو گی

صائمہ حیدر20 جولائی 2016

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’غیرت کے نام پر قتل‘ کے خلاف چند ہفتوں کے اندر قانون سازی کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کے قتل کے تناظر میں لیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JSkd
Maryam Nawaz Sharif Politikerin Pakistan
مریم نواز کے مطابق حکومت اس مسئلے پر قانون سازی اتفاق رائے سے کرنا چاہتی تھیتصویر: picture alliance/AP Photo

غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی بہت عرصے سے التوا کا شکار ہے۔ مریم نواز کے مطابق قانون سازی کے لیے بل جمعرات کے روز ایک پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کو ایسے قتل کے خلاف قانون پاس کرنے میں بے پناہ دباؤ کا سامنا ہے، جو بقول ایسا اقدام کرنے والوں کے، وہ اپنے خاندان کی عزت کا دفاع کرنے کے لیے کرتے ہیں۔ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کے بعد ایسے افراد کے لیے خود کو قانون اور ضابطے کی کارروائی سے بچانے کا راستہ نہیں نکل سکے گا۔ سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ، جنہیں اکثر پاکستان کی ’کم کارداشیان‘ بھی کہا جاتا تھا، کے بھائی نے کہا تھا کہ اسے اپنی بہن کی سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی فحش تصاویر اور ویڈیوز پر بہت غصہ تھا ۔ اس لیے اس نے اس قتل کا ارتکاب کیا۔

Qandeel Baloch Pakistan
مشہور سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/PPI

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال قریب پانچ سو خواتین ’غیرت‘ یا ’عزت‘ کے نام پر خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل کر دی جاتی ہیں۔ قتل کرنے کی وجوہات میں گھر سے بھاگ جانا، کسی مرد سے تعلق قائم کرنا یا ایسی قدامت پسندانہ اقدار سے بغاوت یا انحراف کرنا شامل ہیں جو ایسے معاشرے میں عورت کی شرم و حیا کی نگران سمجھی جاتی ہیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اس مسئلے پر قانون سازی اتفاق رائے سے کرنا چاہتی تھی اور اس حوالے سے پارلیمنٹ میں مذہبی جماعتوں سے مذاکرات بھی کیے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا،’’ہم نے قانونی مسودے کو مذاکرات کی روشنی میں حتمی شکل دی ہے۔ اس مسودے کو اکیس جولائی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کمیٹی کے سامنے حتمی غور وخوض اور منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔‘‘

Pakistan Religionsführer Siraj Ul Haq
حکومت نے ’غیرت کے نام پر قتل ‘ کے خلاف قانون سازی کے لیے مذہبی جماعتوں سے بھی مذاکرات کیے ہیںتصویر: DW/A. Khan

مریم نواز شریف کے مطابق اگر پارلیمانی کمیٹی یہ مسودہ منظور کر لیتی ہے تو پھر اسے دو ہفتوں کے اندر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ پاکستانی پارلیمان کی دو بڑی مذہبی جماعتوں میں سے ایک ، جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت بل کی مخالفت نہیں کرے گی۔ پاکستان کی دوسری بڑی مذہبی جماعت، جمیعت علمائے اسلام سے اس بارے میں رائے نہیں لی جا سکی تاہم اس کی پارلیمنٹ میں نشستیں محدود ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں مذہبی جماعتوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی کی روایتی طور پر مخالفت کی ہے۔ ایک سینئر سرکاری عہدے دار نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اب تمام اہم سیاسی جماعتیں اس قانونی مسودے کی حمایت کر رہی ہیں اور امید ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں اسے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاس کر دیا جائے گا۔