1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: روزبیرگ ڈرائیور ہوں گے، مرسیڈیز نے تصدیق کر دی

23 نومبر 2009

براؤن ٹیم خریدنے والے جرمن ادارے مرسیڈیز نے اگلے برس فارمولا ون سیزن کے لئے نِکو روزبیرگ کو بطور ڈرائیور میدان میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KdlS
تصویر: picture-alliance / Sven Simon

چوبیس سالہ جرمن ڈرائیور روزبیرگ نے پچھلے برس اکتوبر میں ویلیمز ٹیم سے علٰیحدگی اختیار کی تھی۔ پہلے ہی سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ مرسیڈیز انہیں کو ڈرائیور کے طور پر ٹیم میں شامل کرے گی۔

مرسیڈیزآئندہ فارمولا ون سیزن کے لئے اپنی ٹیم کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ چند روز قبل مرسیڈیز نے فارمولا ون 2009ء ڈرائیورز اور کنسٹرکٹرز کی فاتح براؤن جی پی ٹیم کے 75 فیصد حصص خرید لئے تھے۔ سات مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرنے والے 41 سالہ جرمن ڈرائیور میشائیل شوماخر بھی مرسیڈیز ٹیم کا حصہ بنا لئے گئے ہیں۔

روزبیرگ نے اپنے تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ فارمولا ون کے اگلے سیزن کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’میں اس سے زیادہ پرامید پہلے کبھی نہیں ہوا۔ مجھے 14 مارچ کو فارمولا ون سیزن کی بحرین میں شروع ہونے والی پہلی ریس کا شدت سے انتظار ہے۔‘‘

Nico Rosberg Formel 1
روزبیرگ فارمولا ون میں ویلیمز ٹیم کی نمائندگی کرتے رہے ہیںتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ فارمولا ون میں مرسیڈیز سے زیادہ مضبوط ٹیم کوئی اور نہیں۔ ’’فارمولا ون میں کوئی اور برینڈ ایسا نہیں جس کے پاس کامیابیوں کی ایسی روایت ہو۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں اس نئی ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے اور وہ روز براؤن کے ساتھ مل کر کام کرنے پر پرمسرت ہیں۔

روز براؤن نے چند روز قبل ایک معاہدے کے تحت مرسیڈیز کو اپنی ٹیم کے 75 فیصد حصص فروخت کردئے تھے تاہم نئی ٹیم میں وہ بدستور بطور ٹیم پرنسپل اپنے فرائض ادا کریں گے۔ روز براؤن نے کہا کہ نِکو(نِکو روزبیرگ( بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور انہیں فارمولا ون میں ڈرائیونگ کا چار برس کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا: ’’نِکو فارمولا ون میں ایک ایسے ڈرائیور ہیں جوان مقابلوں میں ہماری ٹیم کے لئے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے نِکو کے والد کیکے کے ساتھ بھی ان مقابلوں میں اکھٹے کام کیا ہے۔ اور میرے لئے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ نِکو اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔‘‘

روزبیرگ گزشتہ چار برسوں سے ویلیمز ٹیم کے لئے ڈرائیونگ کر رہے ہیں۔ روزبیرگ کے والد فن لینڈ کے فارمولا ون چیمپیئن تھے۔

براؤن ٹیم کے سابق ڈرائیور اور 2009ء سیزن کے ورلڈ چیمپیئن نے براؤن ٹیم کی فروخت کے بعد پہلے ہی میک لارن ٹیم جوائن کر لی ہے جبکہ ویلیمز ٹیم نے روز بیرگ کی جگہ برازیلی ڈرائیور Rubens Barrichello کو ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ