1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: سال رواں کا سیزن

18 مارچ 2011

بحرین کی سیاسی صورت حال کے تناظر میں وہاں شیڈیول افتتاحی ریس کو مؤخر کردیا گیا ہے۔ اب اس برس فارمولا ون موٹر کار ریسنگ مقابلوں کا آغاز ستائیس مارچ سے آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/RALK
سباستیان فیٹلتصویر: picture alliance/dpa

اسپورٹس ورلڈ میں فارمولا ون کار ریسنگ انتہائی سنسنی خیزی سے عبارت ہے۔ اگلے ایک دو ہفتوں کے بعد رواں سال کے سیزن کا آغاز ہو جائے گا۔ بحرین کی سیاسی صورت حال کی وجہ سے افتتاحی ریس مؤخر کردی گئی ہے۔

رواں سال فارمولا ون کار ریسنگ کے چیمپیئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کونئے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان میں سب سے اہم یہ ہے کہ فیٹل اس سال اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ اس کے علاوہ فیٹل کو امکانی طور پر مرسیڈیز گاڑی کے تاریخ ساز ڈرائیور میشائل شوماخر کی جانب سے سخت مقابلے کی توقع ہو سکتی ہےکیونکہ مرسیڈیز گاڑی نے اپنے انجن کی اندرونی ساخت میں تبدیلی کی ہے۔ اسی باعث شوماخر کا کہنا ہے کہ وہ اس سال گراں پری مقابلوں میں زوردار پرفارمنس دینے کی پوزیشن میں ہیں۔

Pressekonferenz Michael Schuhmacher und sein Arzt Johannes Peil
میشائل شوماخرتصویر: AP

فارمولا ون کے چیمپیئن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے اپنی ٹیم ریڈ بُل کے ساتھ اپنے معاہدے کو توسیع دے دی ہے۔ ریڈ بُل ٹیم کی انتظامیہ کا اعلان بھی سامنے آیا ہے کہ فیٹل نے اپنے کنٹریکٹ کو سن 2014 ء تک بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس معاہدے کی توسیع میں فیٹل نے ریڈ بُل انتظامیہ کے ساتھ خود براہ راست بات چیت مکمل کی ہے۔

سن 2011 کے فارمولا ون سیزن میں اس مرتبہ چار نئے ڈرائیور گراں پری مقابلوں میں شرکت کریں گے۔ ان میں ایک اکیس سالہ میکسیکو کے سرگیئو پیریز ہیں۔ پیریز چیمپیئن ڈرائیور فیٹل سے بھی چھوٹے ہیں۔ فیٹل کی عمر تیئیس سال ہے۔

بحرین کی سیاسی صورت حال کے تناظر میں وہاں شیڈیول افتتاحی ریس کو مؤخر کردیا گیا ہے۔ اب مئی کے مہینے میں یہ طے کیا جائے گا کہ بحرین گراں پری کا انعقاد رواں برس ممکن ہو گا یا نہیں۔ نئے فیصلے کی روشنی میں اب اس برس فارمولا ون موٹر کار ریسنگ مقابلوں کا آغاز ستائیس مارچ سے آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے ہو گا۔

سن 2011 میں پہلی بار بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب نوئیڈا میں گراں پری ریس کے اہتمام کی تیاریاں جاری ہیں۔ یہ ریس انڈین گراں پری کہلائے گی اور تیس اکتوبر کو شیڈیول کی گئی ہے۔ انڈین گراں پری کو سردست ہومولگیشن کے ٹیسٹ کو پاس کرنا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ نوئیڈا کا ٹریک عالمی معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔ اس جانچ پڑتال اور پرکھ کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اختتامی ریس حسب معمول برازیلی شہر ساؤ پاؤلو میں نومبر کے اختتام پر منعقد کی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں