1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون موٹر ریسنگ: موناکو میں جینسن بٹن کی فتح

مقبول ملک25 مئی 2009

امسالہ فارمولا ون موٹر ریسنگ کی عالمی چیمپئین شپ کے لئے اتوار کے روز مونٹی کارلو کے سٹی سرکٹ میں ہونے والی موناکو گراں پری نامی ریس برطانیہ سے تعلق رکھنے والے براؤن مرسیڈیز ٹیم کے نوجوان ڈرائیور جینسن بٹن نے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/HwVt
بٹن: موجودہ سیزن میں اب تک باقی سب سے آگےتصویر: AP

اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر جینسن بٹن ہی کے ساتھی اور براؤن مرسیڈیز ٹیم کے برازیل سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار ڈرائیور روبن باری چیلو رہے۔

تیسری پوزیشن فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے اٹلی کی فیراری ٹیم کے ڈرائیور کیمی رائیکونن نے حاصل کی اور انہی کے برازیل سے تعلق رکھنے والے ساتھی ڈرائیور فیلیپے ماسا چوتھے نمبر پر رہے۔

Aerodynamik Streit Ross Brawn Teamchef von Brawn GP
براؤن جی پی ٹیم کے سربراہ رَوس براؤنتصویر: picture-alliance/ dpa

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی امسالہ عالمی چیمپئین شپ میں حصہ لینے والے ڈرائیوروں میں سے اب تک برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن ہی اپنے 51 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر باقی تمام ڈرائیوروں سے آگے ہیں۔

دوسرے نمبر پر برازیل کے روبن باری چیلو ہیں جن کے پوائنٹس کی تعداد 35 بنتی ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر ریڈ بل ٹیم کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور سیباستیان فیٹل ہیں جو اب تک 23 پوائنٹ حاصل کرچکے ہیں۔

فارمولا ون میں اپنی موٹر گاڑیاں تیار کرنے والی مختلف ٹیموں اور چیمپئین شپ میں شامل کنسٹرکٹرز میں سے موناکو گراں پری کے بعد براؤن مرسیڈیز کی ٹیم 86 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ریڈ بل رینو کی ٹیم 42.5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ٹویوٹا کی ٹیم 26.5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

فورس انڈیا مرسیڈیز فارمولا ون مقابلوں میں حصہ لینے والی وہ واحد ٹیم ہے جس کے ڈرائیور اب تک ہونے والی دوڑوں میں کوئی ایک بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔