1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کار ریسنگ کا شیڈیول

22 ستمبر 2009

موٹر سپورٹ میں سنسنی خیزی سے عبارت فارمولا ون کار ریسنگ کے اگلے سال کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سن دو ہزار دس کا فارمولا ون سیزن کل انیس گراں پری مقابلوں پر مشتمل ہوگا۔

https://p.dw.com/p/Jlyq
فار مولا ون مقابلوں میں شریک ایک موٹر کارتصویر: picture-alliance/ dpa

اگلے سال کے فارمولا ون سیزن کے دوران پہلی مرتبہ جنوبی کوریا میں بھی ایک گراں پری دوڑ منعقد کرائی جائے گی۔ جزیرہ نما کوریا کے جنوبی حصے کی جمہوری ریاست کے جنوب مغرب میں Yeongam کے مقام پر فارمولا ون کا سرکٹ اپنی تکمیل کے قریب ہے، جہاں پہلی مرتبہ کوئی فارمولا ون ریس اگلے برس سترہ اکتوبر کو شیڈول کی گئی ہے۔

کوریئن گراں پری کہلانے والی اس ریس کے لئے جو ٹریک مکمل کیا جا رہا ہے، اس کا نام کوریئن انٹرنیشنل سرکٹ رکھا گیا ہے۔ اس ٹریک کا ڈیزائن فارمولا ون ریس ٹریکس کے عالمی شہرت یافتہ جرمن ڈیزائنر ہیرمن ٹِلکے کا تیار کردہ ہے۔

Formel 1 USA Start
فارمولا ون کار ریسنگ کا منظرتصویر: dpa

اگر تمام قانونی اور انتظامی معاملات پروگرام کے مطابق طے پا گئے تو اس سرکٹ پر کوریائی گراں پری مقابلے سن 2016 تک یقینی طور پر جاری رکھے جائیں گے۔ جنوبی کوریا کے بعد ابو ظہبی کی ریس ہو گی جبکہ فارمولا ون موٹر ریسنگ کا اگلے سال کا سیزن برازیل میں چودہ نومبر کو ہونے والی گراں پری کے ساتھ اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔

کینیڈین گراں پری کو فی الحال عارضی طور پر اگلے سال کے سیزن میں شامل کیا گیا ہے۔ کینیڈا میں سال رواں کے دوران کوئی فارمولا ون ریس نہیں رکھی گئی تھی۔ فارمولا ون کی بین الاقوامی سطح پر انتظامی تنظیم FIA اور کینیڈا میں اس کھیل کے ذمہ دار حلقوں کے مابین اس معاہدے کو حتمی شکل دیا جانا ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب برٹش گراں پری بدستور سلورسٹون کے سرکٹ پر شیڈول کی گئی ہے۔ قبل ازیں خیال کیا جا رہا تھا کہ اس سال سلورسٹون سرکٹ پر ہونے والی گراں پری دوڑ اس ٹریک پر فارمولا ون کی آخری ریس ہو گی۔ لیکن اب اسی ٹریک پر اگلے سال بھی فارمولا ون مقابلے کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ برطانیہ میں ڈوننگٹن کے مقام پر نئے سرکٹ کی تعمیر ابھی تک جاری ہے۔

اگلے سال کے شیڈول میں ایک اور قابل ذکر تبدیلی سال کی پہلی ریس کے حوالے سے ہے۔ فارمولا ون سیزن کی ابتداء عموماً آسٹریلین گراں پری سے ہوتی تھی لیکن 2010 کے سیزن کا آغاز بحرین سے ہو گا۔ سخیر ٹریک پر پہلی ریس چودہ مارچ کو شیڈول کی گئی ہے۔ آسٹریلیا میں ملبورن کے Ecclestone ٹریک پر سال کی دوسری ریس اٹھائیس مارچ کو رکھی گئی ہے۔ اس ترمیم کی وجہ یورپ میں معیاری وقت کی تبدیلی بتائی گئی ہے۔ تب گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کئے جانے سے فارمولان ون کے یورپی شائقین کے لئے یہ ریس براہ راست دیکھ سکنا آسان ہو جائے گا۔ معیاری وقت کی اس تبدیلی کے دوران یورپ میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کی جائیں گی اور آسٹریلیا میں ایک گھنٹہ پیچھے، یوں یورپ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹائم کے فرق میں یکدم دو گھنٹے کا اضافہ ہو جائے گا جس کا فائدہ موٹر ریسنگ کے شائقین کو ہوگا۔

Formel 1 in Brasilien 2008
فارمولا ون کار ریسنگ کا ایک اور منظرتصویر: AP

اگلے سال کے ایف ون سیزن میں ملائیشیا میں ہونے والی گراں پری کا وقت میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی دیگر ریسوں کا نظام الاوقات بھی بدل جائے گا۔ مثلاً یورپی گراں پری دوڑ ستائیس اگست کے بجائے ستائیس جون کو رکھی گئی ہے۔ اس کا سبب اگست میں گرم موسم کی شدت میں اضافہ بتایا گیا ہے۔ جرمن گراں پری ہوکن ہائیم میں شیڈول تو کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس کے لئے کوئی سپانسر دستیاب نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ابھی تک اس ریس کا انعقاد غیر یقینی ہے۔

اگلے سال کا فارمولا ون سیزن چودہ مارچ سے شروع ہو کر چودہ نومبر کو ختم ہو گا۔ مارچ اور اپریل میں دو دو مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ مئی میں تین ریسیں شیڈول کی گئی ہیں۔ اسی طرح بقیہ تمام مہینوں میں بھی دو دو مقابلے ہوں گے، البتہ اکتوبر میں ایک بار پھر شائقین کو تین گراں پری مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

اگلے سال کا فارمولا ون شیڈول:

چودہ مارچ: بحرین گراں پری، سخیر

اٹھائیس مارچ: آسٹریلین گراں پری، ملبورن

چار اپریل: ملائشیئن گراں پری، سیپانگ

اٹھارہ اپریل: چائنیز گراں پری، شنگھائی

نو مئی: ہسپانوی گراں پری، بارسلونا

تیئیس مئی: مناکو گراں پری، مونٹی کارلو

تیس مئی: ٹرکش گراں پری، استنبول

تیرہ جون: کینیڈین گراں پری، مانٹریال (تاحال غیر یقینی)

ستائیس جون: یورپی گراں پری، ویلنسیا

گیارہ جولائی: برٹش گراں پری، سلورسٹون

پچیس جولائی: جرمن گراں پری، ہوکن ہائیم (تاحال غیر یقینی)

یکم اگست: ہنگیرین گراں پری، بوڈا پیسٹ

انتیس اگست: بیلجیئن گراں پری ، سپا

بارہ ستمبر: اطالوی گراں پری، مونزا

چھبیس ستمبر: سنگاپور گراں پری، سنگاپور

تین اکتوبر: جاپانی گراں پری، سوزوکا

سترہ اکتوبر: کوریئن گراں پری ، یوآن گام

اکتیس اکتوبر: ابو ظہبی گراں پری، یاس مرینہ

چودہ نومبر: برازیلین گراں پری، انٹرلاگوس

رپور‌ٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک