1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کی BMW ٹیم کی فروخت

15 ستمبر 2009

جرمن کارساز ادارے بی ایم ڈبلیو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فارمولا ون ٹیم کی سوئس کمپنی کدباک انویسٹمنٹ کو فروخت پر راضی ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JhNU
تصویر: AP

BMW اپنی ٹیم کی فروخت کے لئے رواں برس جولائی سے سرگرم ہے جب کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اس کی ٹیم فارمولا ون موٹر ریسنگ کے اگلے سیزن سے ان مقابلوں میں حصہ نہیں لے گی۔ منگل کے روز فارمولا ون ریسنگ کی گورننگ باڈی کی جانب سے اگلے سیزن کے لئے اس جرمن ادارے کی کار کو 14 ویں پوزیشن دی گئی تھی۔

اگلے سیزن میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے باوجود فارمولا ون مقابلوں کی گورننگ باڈی FIA کا اگلے سیزن کے گراں پری مقابلوں کے لئے بی ایم ڈبلیو ٹیم کی جگہ کا اعلان خود اس بات کی عکاسی کر رہا تھا کہ یہ ٹیم کسی خریدار کو بیچی جا چکی ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل آٹو موبائل فیڈریشن FIA نے یہ اعلان کیا ہے کہ 2010 کے سیزن کے لئے ٹیموں کی مجموعی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت فارمولا ون مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد نو ہے مگر اب تین نئی ٹیموں کو بھی ان مقابلوں میں جگہ دی جا رہی ہے۔ نئی شامل ہونے والی ٹیموں میں لوٹس، کیمپوس جی پی اور یو ایس ایف ون شامل ہیں۔ اس طرح اگلے سیزن میں حصہ لینے والی فارمولا ون ٹیموں کی تعداد 12 ہو جائے گی۔

Formel 1 - Max Mosley
فارمولا ون کی گورننگ باڈی FIA کے صدر میکس موزلیتصویر: picture-alliance/ dpa

اسی دوران فارمولا ون کی موجودہ ٹیموں میں سے رینالٹ اور ٹویوٹا کی فارمولا ون ریسنگ میں بدستور شمولیت کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ رینالٹ کو ریس فکسنگ کے الزامات کا سامنا ہے جبکہ ٹویوٹا کمپنی نے پہلے ہی یہ اعلان کر رکھا ہے کہ وہ رواں برس نومبر سے قبل فارمولا ون کے اگلے سیزن کے لئے بجٹ پر دستخط نہیں کرے گی۔

بی ایم ڈبلیو کی جانب سے ٹیم کی فروخت کے حوالے سے منگل کے روز سامنے آنے والے اعلان میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم یہ تصدیق کر دی گئی کہ بی ایم ڈبلیو زاؤبیر نامی فارمولا ون ٹیم سوئس کمپنی کدباک کو فروخت کر دی گئی ہے۔

بی ایم ڈبلیو 2000ء میں فارمولا ون موٹر ریسنگ میں شامل ہوئی تھی اور 2005 ء میں زاؤبیر ٹیم بھی اسی میں ضم ہو گئی تھی، جس کے بعد اس ٹیم کا نام تبدیل کر کے بی ایم ڈبلیو زاؤبر رکھ دیا گیا تھا۔ اس ٹیم کے لئے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے افراد کی تعداد 730 بنتی ہے۔

آج تک یہ ٹیم صرف ایک گراں پری ریس جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2008ء میں جیتی گئی یہ گراں پری کینیڈا میں ہوئی تھی جبکہ BMW زاؤبیر کی ٹیم اب تک صرف ایک بار یعنی گزشتہ برس بحرین میں پول پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں