1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی کار ساز گروپ اوپل کو جنرل موٹرز سے خرید لے گا

مقبول ملک
6 مارچ 2017

فرانسیسی کار ساز گروپ پی ایس اے اور امریکی کمپنی جنرل موٹرز کے مابین اوپل کی خریداری سے متعلق حتمی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ مجموعی طور پر اربوں یورو کی اس ڈیل کا اعلان پیرس میں ان دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر کیا۔

https://p.dw.com/p/2YjFt
PSA Peugeot Citroen Produktionshalle
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکا میں نیو یارک اور فرانس میں پیرس سے پیر چھ مارچ کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت میں موٹر کاریں بنانے والے ملکی صنعتی گروپ پی ایس اے اور امریکا کی جنرل موٹرز کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ یہ فرانسیسی کمپنی اب اوپل اور واکس ہال کو ایک اعشاریہ تین بلین یورو کے عوض خرید لے گی۔

Peugeot und Opel
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Seidel

امریکی کمپنی جنرل موٹرز کا یورپ میں صنعتی پیداواری کاروبار دو بڑے کار ساز اداروں اوپل اور واکس ہال پر مشتمل ہے۔ پی ایس اے پہلے ہی پےجو، سِٹروئن اور ڈی ایس نامی فرانسیسی کار ساز کمپنیوں کا مالک ادارہ ہے۔

اوپل اور واکس ہال کو خرید لینے کے بعد یہ گروپ مجموعی طور پر پانچ مختلف یورپی کار ساز اداروں کا مالک بن جائے گا۔ اس طرح PSA کو مستقبل میں جرمنی کے فوکس ویگن گروپ کے بعد یورپ کے دوسرے سب سے بڑے کار ساز ادارے کی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔

جنرل موٹرز اور پی ایس اے کے مابین یہ بھی طے پا گیا ہے کہ فرانسیسی آٹوموبائل گروپ پی ایس اے یورپ میں جنرل موٹرز کے ایک ذیلی مالیاتی ادارے ’جی ایم فنانسنگ‘ کو بھی صفر اعشاریہ نو بلین یورو کے عرض خرید لے گا۔ اس طرح مجموعی طور پر جنرل موٹرز کو دیے جانے والے 2.2 بلین یورو کے عوض یورپ میں اوپل اور واکس ہال کے تمام اثاثے اور صنعتی پیداواری شعبے پی ایس اے کی ملکیت میں آ جائیں گے۔

Frankreich PK PSA, General Motors und Opel
اس ڈیل کا اعلان پیرس میں پی ایس اے، جنرل موٹرز اور اوپل کے اعلیٰ ترین عہدیداروں نے مشترکہ طور پر کیاتصویر: Reuters/C. Hartmann

اس ڈیل کے تحت اب تک جنرل موٹرز کی ملکیت اوپل اور واکس ہال کے جو پیداواری یونٹ اور ملازمین اب پی ایس اے کی عمل داری میں آ جائیں گے، ان میں اوپل اور واکس ہال موٹر گاڑیاں تیار کرنے والے چھ یورپی کارخانے، ان گاڑیوں کے پرزے تیار کرنے والے پانچ پروڈکشن یونٹ اور مجموعی طور پر قریب 40 ہزار ملازمین بھی شامل ہیں۔

جنرل موٹرز نے کہا ہے کہ یورپ میں اس کا جو کاروبار (اوپل اور واکس ہال) ایک عرصے سے خسارے میں جا رہا تھا، اس کی فروخت کے معاہدے کے ساتھ ساتھ اسی امریکی کمپنی کو اوپل اور واکس ہال کے اب تک کے ملازمین کو یکبارگی لیکن اپنی طرف سے کُل 4.5 بلین امریکی ڈالر پینشن کی مد میں بھی ادا کرنا پڑیں گے۔ یہ بات جنرل موٹرز کی طرف سے اس کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کو پیر کے روز باقاعدہ طور پر بتائی گئی۔