1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس میں سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ کی پارٹی کو ہدایت

5 جولائی 2011

فرانس میں سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ نے ڈومنیک اسٹراؤس کاہن کے مقدمے کے حوالے سے اپنی جماعت کے ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

https://p.dw.com/p/11ou0
اسٹراؤس کاہن اہلیہ کے ساتھتصویر: AP

فرانس میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سوشلسٹس 2012ء کے انتخابات میں صدر نکولا سارکوزی کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم ان کی طرف سے صدارتی امیدوار خیال کیے جانے والے آئی ایم ایف کے سابق سربراہ ڈومنیک اسٹراؤس کاہن کی امریکہ میں جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں گرفتاری نے اس جماعت کے لیے بھی صورت حال مشکل بنا دی۔

اب اسٹراؤس کاہن کا مقدمہ بڑی حد تک رُخ بدل چکا ہے۔ انہیں نظر بندی سے رہا کیا جا چکا ہے، ان پر سے ضمانت کی سخت شرائط بھی اٹھائی جا چکی ہیں جبکہ محض امریکہ چھوڑنے پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔ ان کے بعض اتحادیوں نے ان پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی زندگی میں لوٹ آئیں۔ کاہن کے ان چاہنے والوں نے پارٹی رہنماؤں سے بھی کہا ہے کہ وہ پرائمری رجسٹریشن کے لیے تیرہ جولائی کی ڈیڈلائن مؤخر کر دیں۔

ان حالات میں پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے گزشتہ جمعرات کو ذمہ داریاں سنبھالنے والے Harlem Desir نے پارٹی میں تحمل کی فضا برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے: ’’اس افیئر سے ہم نے اگر کوئی سبق سیکھا ہے تو وہ یہ ہے کہ جب تک تمام حقائق منظر عام پر آ نہیں جاتے، خاموش رہیں۔ ‘‘

ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں انہوں نے کہا: ’’میں چاہتا ہوں کہ ڈومنیک کلیئر ہو جائیں، اپنی عزت بحال کریں اور پیرس لوٹ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔ تمام سوشلسٹوں کو اس پر خوش ہونا چاہیے۔‘‘

سوشلسٹوں کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ مقدمہ نمٹنے کے بعد کاہن عوامی زندگی میں کس طرح شریک ہوں گے، اس کا انحصار انہی پر ہے۔ انہو نے کہا: ’’کوئی کسی کو امیدوار (صدارتی) بننے سے روکنے کا ارادہ نہیں رکھتا، چاہے کوئی بھی ہو۔‘‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوشلسٹ پارٹی کے دو صدارتی امیدواروں Francois Hollande اور Segolene Royal نے بھی کاہن کو وقت دینے کے لیے پرائمری رجسٹریشن مؤخر کیے جانے پر اعتراض نہیں کیا۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید