1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنٹيکس دستوں کی تعيناتی غير رکن ممالک ميں بھی ممکن

عاصم سليم15 دسمبر 2015

لکسمبرگ کے وزير خارجہ نے کہا ہے کہ يورپی يونين کی بارڈر ايجنسی کے دستوں کی تعيناتی مقدونيہ اور سربيا جيسے ان ملکوں ميں بھی ممکن ہے جو يورپی بلاک کے رکن نہيں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HNRc
تصویر: DW/B. Riegert

مغربی يورپ کے ملک لکسمبرگ کے وزير خارجہ ژاں ايسل بورن نے کہا ہے کہ فرنٹيکس کے اہلکاروں کو ان ملکوں ميں بھی تعينات کيا جا سکتا ہے، جو اٹھائيس رکنی يورپی يونين کا حصہ نہيں اور اس سلسلے ميں ان رياستوں کو مدد کرنی چاہيے جو بلاک کی بيرونی سرحدوں کے حامل نہيں۔ ايسل بورن نے يہ بيان جرمن ريڈيو اسٹيشن ’ڈوئچ لانڈ رُنڈ فُنک‘ سے منگل کے روز گفتگو کرتے ہوئے ديا۔

يورپی کميشن کی خواہش ہے کہ مہاجرين کے بحران کے تناظر ميں نئی يورپی بارڈر اينڈ کوسٹ گارڈ ايجنسی کے اہلکاروں کو رکن ملکوں ميں ان کی انتظاميہ کی اجازت حاصل کيے بغير تعينات کيا جاسکے۔ موجودہ قوانين کے مطابق اس سلسلے ميں متعلقہ ممالک سے اجازت طلب کرنا لازمی ہے۔

لکسمبرگ کے وزير خارجہ ژاں ايسل بورن
لکسمبرگ کے وزير خارجہ ژاں ايسل بورنتصویر: Getty Images/AFP/J. Thys

فرنٹيکس کو وسعت دينے کے سلسلے ميں آج بروز منگل ايک باقاعدہ منصوبے کا مسودہ پيش کيا جانا ہے، جس پر برسلز ميں اسی ہفتے ہونے والے سربراہی اجلاس ميں بحث و مباحثہ متوقع ہے۔ مسودے کے مطابق فرنٹيکس کے اہلکاروں کی تعداد ميں چھ گنا اضافہ کيا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے جرمن ريڈيو اسٹيشن پر بات کرتے ہوئے ايسل بورن نے کہا، ’’سربیا اور مقدونيہ ميں ہميں متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ اب تک وہاں فرنٹيکس کے دستوں کی تعيناتی ممکن نہيں ہو سکی تاہم يہ مستقبل ميں ممکن ہو سکے گا۔‘‘ ان کے بقول ايسا بھی ہو سکتا ہے کہ يورپ ميں سياسی پناہ کے ناکام درخواست دہندگان کی ملک بدری کا کام بھی فرنٹيکس کو سونپا جائے۔ لکسمبرگ کے وزير خارجہ کے بقول يورپی يونين کے شينگن زون کو بچانا اسی صورت ممکن ہے کہ جب بلاک کی بيرونی سرحدوں کی نگرانی کو يقينی بنايا جائے۔

ژاں ايسل بورن نے مزيد کہا کہ بارڈر کنٹرول کرنے کے ليے چينی يا روسی دستے نہيں بھيجے جائيں گے، يہ کام يورپی رياستوں کا ہے۔ ان کے مطابق خطے اور بلاک کی حفاظت کے ليے اس مجوزہ عمل ميں ان ممالک کو بھی زيادہ فعال کردار ادا کرنا چاہيے، جو يورپی يونين کی بيرونی سرحدوں کے حامل نہيں۔