1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن اپ سیٹ: کم کلائسٹرز ٹورنامنٹ سے باہر

27 مئی 2011

جمعرات کے روز ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن کا پہلا بڑا اپ سیٹ سامنے آیا، جب خواتین کی عالمی نمبر دو کم کلائسٹرز کی امیدوں پر ایک غیر معروف ولندیزی خاتون کھلاڑی نے پانی پھیر دیا۔

https://p.dw.com/p/11OrD
کلائسٹرز، یو ایس اوپن ٹرافی کے ساتھتصویر: AP

بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی سابقہ عالمی نمبر ایک اور موجودہ عالمی نمبر دو، کم کلائسٹرز کو پیرس میں جاری فرنچ اوپن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ حال ہی میں ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہوئی تھیں۔ انہیں دوسرے راؤنڈ میں غیر متوقع طور پر شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے خارج ہونا پڑا۔ ان کے ٹورنامنٹ سے اخراج کا باعث، ہالینڈ کی خاتون کھلاڑی Arantxa Rus بنیں، جنہوں نے تین سیٹ کے میچ میں کلائسٹرز کو ہرایا۔ بیلجیئم کی سابق عالمی نمبر ایک اس برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ، آسٹریلین اوپن کی فاتح ہیں۔ وہ مسلسل دو سالوں سے یو ایس اوپن بھی جیت رہی ہیں۔ اس شکست سے قبل، وہ مسلسل پندرہ میچوں میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھیں۔ اس سے قبل سن 2001 اور 2003 میں وہ فرنچ اوپن کے فائنل تک پہنچ پائی تھیں۔

کم کلائسٹرز نے میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ میچ کے دوران ان کے ذہن پر منفی سوچ کا غلبہ تھا اور وہ سخت میچ کھیلنے کی سوچ سے عاری تھیں۔ کلائسٹرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے تھی۔ دوسری جانب ہالینڈ کی عالمی نمبر 114، Arantxa Rus گزشتہ تین سالوں سے ٹینس کھیل رہی ہیں۔ وہ میچ میں کامیابی کے بعد انتہائی جذباتی کیفیت میں تھیں۔

Olympia, Tennis Olympiasieger Rafael Nadal, freies Bildformat
ندال کا دوران میچ پوائنٹ جیتنے پر مخصوص اندازتصویر: AP

خواتین کے سنگلز میچوں میں روس کی ماریا شاراپووا کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض مبصرین ولیمز سسٹرز کی عدم موجودگی اور اب کم کلائسٹرز کی شکست کے بعد ماریا شاراپووا کو فیورٹ خیال کر رہے ہیں۔ روس کی سابقہ عالمی نمبر ایک شاراپووا نے گزشتہ ہفتوں کے دوران دو اہم کلے کورٹ ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ جمعرات کے روز وہ اپنا میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ انہوں نے ہونہار فرنچ ٹین ایجر کیرولین گارسیا کو تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ بھارت کی ثانیہ مرزا اپنا دوسرے راؤنڈ کا میچ عالمی نمبر بارہ راڈوانسکا سے ہار گئیں۔

جمعرات کے روز مردوں کے ایک میچ میں عالمی نمبر ایک رافائل ندال کو دوسرے راؤنڈ کے میچ میں حریف کھلاڑی Pablo Andujar کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پہلے سیٹ میں ندال کو پانچ سیٹ کا طویل میچ کھیلنا پڑا تھا۔ دوسرے راؤنڈ کا میچ انہوں نے تین سیٹ میں جیتا ضرور لیکن اس میں بھی ان کو مشقت کرنا پڑی تھی۔ ندال کا پہلے اور دوسرے راؤنڈ کے میچوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ ابھی تک پوری فارم کے ساتھ نہیں کھیل پا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ اگلے میچ میں وہ پوری قوت سے حصہ لیں۔ ان کا تیسرے راؤنڈ کا میچ کروشیا کے Antonio Veic کے ساتھ ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں