1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: فیڈرر کی تاریخی فتح

8 جون 2009

عالمی نمبر دو سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سویڈن کے رابن سوڈرلنگ کو شکست دے کر پہلی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/I56N
راجر فیڈرر، پیٹ سیمپراس کا چودہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیںتصویر: dpa

فرنچ اوپن کے فائنل میں فیڈرر نے ایک گھنٹہ اور پچپن منٹ جاری رہنے والے اس کھیل میں 23ویں نمبر کے عالمی کھلاڑی سوڈرلنگ کو چھ ایک، سات چھ، سات ایک اور چھ چار سے شکست دی۔

اس ایونٹ میں فتح کے ساتھ ہی وہ معروف امریکی کھلاڑی پیٹ سیمپراس کے چودہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ راجر فیڈرر دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں جس نے تمام گرینڈ سلیم میں کامیابی حاصل کی۔

مقابلے کے آغاز سے انجام تک راجر فیڈرر کھیل پر چھائے رہے۔ فیڈرر جو ایک عرصے سے اپنی فارم کی تلاش میں تھے اتوار کے دن گرینڈ سلیم کے فائنل میں پوری فارم میں نظر آئے۔

ستائیس سالہ راجر فیڈرر کی آنکھوں میں جیت کے بعد آنسو تھے۔ روجر فیڈرر اس مقابلے میں شرکت کے ساتھ ہی دنیا کے دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جسے سب سے زیادہ مرتبہ گرینڈ سلیم ایونٹس کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ فرنچ اوپن کے فائنل کو شامل کر کے راجر فیڈرر انیس مرتبہ گرینڈ سلیم مقابلوں کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں سے چودہ مقابلوں میں انہیں فتح حاصل ہوئی ہے۔ راجر فیڈرر پہلی بار مٹی کے کورٹ پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

فیڈرر کے لئے اگلا مرحہ گھاس کے کورٹ پر کھیلا جانے والا گرینڈ سلیم ایونٹ ومبلڈن چیمپئین شپ ہو گا۔ فیڈرر پانچ مرتبہ ومبلڈن چیمپئین شپ جیت چکے ہیں۔

پچھلے برس اگست میں رافائل نادال نے ان سے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن چھین لی تھی اور وہ تب سے اپنی فارم کی بحالی کی کوششوں میں مصروف تھے۔ سال کے آغاز میں کھیلے جانے والے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رافائل نادال نے انہیں شکست دے دی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ