1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن میں فیڈرر کی نصیحت کام آ گئی، کوسنیٹسوا

7 جون 2009

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ خواتین کے انفرادی مقابلوں کی فاتح سویٹلانا کوسنیٹسوا نے کہا ہے کہ عالمی نمبر دو راجر فیڈرر سے ملاقات نے انہیں اس ایونٹ میں فتح سے ہمکنار ہونے میں اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/I4vZ
راجر فیڈرر فرنچ اوپن کا فائنل کھیلنے جا رہے ہیںتصویر: AP

خواتین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی دینارا سافیا کوفرنچ اوپن کے فائنل میں چھ چار اور چھ دو سے شکست دے کر گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے والی روسی کھلاڑی سویٹلانا کوسنیٹسوا تیرہ برس کی عمر میں ہسپانیہ منتقل ہو گئی تھیں مگر راجر فیڈرر نے انہیں ماسکو جا کر رہنے اور وہیں اپنی تربیت جاری رکھنے پر آمادہ کیا۔

ایونٹ کے فائنل میں اپنی ہم وطن روسی کھلاڑی سافینا کو شکست دینے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا: ’’راجر فیڈرر نے کہا دیکھو تم صرف خود پر انحصار کر سکتی ہو، اگر تم توجہ دو بے شک تم ماسکو ہی میں رہو تو تم خامیوں پر قابو پا سکتی ہو۔ ایسا ہی کرو۔‘‘

راجر فیڈرر سے سویٹلانا کوسنیٹسواکی ملاقات پچھلے برس اولمپکس مقابلوں کے موقع پر بیجنگ میں ہوئی تھی جہاں کوزنٹسوا پہلے مرحلے ہی میں ایونٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔

’’ میں نے کہا میں تربیت حاصل نہیں کرنا چاہتی، میں ایسا سوچنا بھی نہیں چاہتی۔‘‘ کوزنٹسوا اس وقت بارسلونا کی ایک اکیڈمی میں زیر تربیت تھیں۔

انہوں نے فیڈرر کوکہا کہ وہ اسپین سے جانا چاہتیں ہیں اور ماسکو واپس لوٹنا چاہتی ہیں بے شک انہیں ٹینس کریئر ہی کیوں نہ ختم کرنا پڑے۔

تاہم راجر فیڈرر نے انہیں حوصلہ دیا اور انہیں آمادہ کیا کہ وہ روس میں رہ کر بھی اپنی تربیت پر پوری توجہ دے سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیجنگ میں فیڈرر سے دس منٹ کی ملاقات نے ان کے کئی مسائل کو حل کر دیا۔

سویٹلانا کوسنیٹسوا نے بتایا کہ اس ملاقات کے بعد وہ اسپین سے روس منتقل ہو گئیں اور وہاں انہوں نے پوری لگن سے اپنی تربیت کا آغاز کر دیا۔

’’ میرے پاس میرے دوست ہیں، میں اپنے ملک میں ہوں، میرے پاس میرا جذبہ ہے۔ میں بہت محب وطن ہوں۔ مجھے روس میں رہ کر مزہ آ رہا ہے۔ روس میں دوبارہ رہنے کا فیصلہ میری زندگی کہ ایک موڑ تھا۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ