1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضل عبداللہ محمد کی موت: القاعدہ کا بڑا نقصان

13 جون 2011

دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی مشرقی افریقی شاخ کے سربراہ فضل عبداللہ محمد کی ہلاکت کی خبر گزشتہ ہفتے منظر عام پر آئی۔ اس طرح دو ماہ کے دوران اس دہشت گرد نیٹ ورک کو پہنچنے والا یہ دوسرا بڑا نقصان ہے۔

https://p.dw.com/p/11ZXs
تصویر: AP

پہلے اسامہ بن لادن اور اب القاعدہ کے مشرقی افریقہ کے لیے سربراہ کی ہلاکت پر امریکی حکام خوش ہو رہے ہیں۔ فضل عبداللہ محمد کی ہلاکت القاعدہ پر ایک اور طاقتور ضرب ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران یہ انتہائی مطلوب دہشت گرد فرضی ناموں کے ساتھ امریکی حکام کو دھوکا دیتے ہوئے مسلسل روپوش رہنے میں کامیاب رہا۔ اب صومالیہ میں ایک سڑک پر ہونے والی چیکنگ کے دوران اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ نیٹ ورک مشرقی افریقہ میں اپنے ایک منصوبہ ساز سے محروم ہو گیا ہے، جو اس نیٹ ورک کے خلاف ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

40 سالہ فضل عبداللہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک ذہین شخص تھا، کمپیوٹرکا ماہر تھا اور پانچ زبانیں روانی سے بول اور سمجھ سکتا تھا۔ وہ بہت ہی شاطر منصوبہ ساز تھا۔1998ء میں کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارت خانوں پر ہونے والے حملوں کے بعد سے فضل عبداللہ محمد کا شمار مطلوب ترین دہشت گردوں میں ہونے لگا تھا۔ ان حملوں میں 240 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

USA fahnden nach sieben El-Kaida-Verdächtigen
فضل عبداللہ محمد کا شمار مطلوب ترین دہشت گردوں میں ہوتا تھاتصویر: AP

اسامہ بن لادن کی موت کے بعد کہا جا رہا تھا کہ اسے ہی القاعدہ کا نیا سربراہ بنایا جائے گا۔ کہتے ہیں کہ ان دونوں میں کافی مماثلت پائی جاتی تھی۔ دونوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کم گو، دوستانہ مزاج اور بہت سے متوازن شخصیت کے مالک تھے۔ ساتھ ہی بن لادن اور فضل عبداللہ میں لوگوں کو متاثر کرنے کی صلاحیت بھی موجود تھی۔

فضل عبداللہ محمد القاعدہ کے لیے اس وجہ سے بھی بہت اہم تھا کہ وہ صومالیہ میں دہشت گردوں کو تربیت دیتا تھا۔ اس نے ٹریننگ کیمپ قائم کر رکھے تھے۔ اس وجہ سے القاعدہ کو اپنے دہشت گرد نیٹ ورک میں نئے افراد کی شمولیت کے بارےمیں کوئی فکر نہیں ہوتی تھی۔ بہرحال یہ حقیقت ہے کہ القاعدہ کو ایک نیا فضل عبداللہ محمد تلاش کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں