1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن میں تباہی سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری

18 دسمبر 2011

فلپائن میں آنے والے واشی نامی طوفان کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد چھ سو پچاس تک پہنچ چکی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد آٹھ سو سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ امدادی ٹیمیں اس قدرتی آفت کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہیں۔

https://p.dw.com/p/13V7A
تصویر: dapd

جمعہ کی رات کو آنے والے واشی نامی طوفان کے نتیجے میں منڈاناؤ جزیرے کے دو شہر کاگادیاں دی اورا اور الیگان شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اچانک آنے والے طوفان کے نتیجے میں شدید بارش ہوئی اور سیلاب آ گیا۔

رات کے وقت آنے والے اس طوفان کی وجہ سے مٹی کے تودے بھی گرے، جس کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق سوئے ہوئے لوگ مٹی کے تودوں میں دھنس کر رہ گئے۔

فلپائن نیشنل ریڈ کراس ادارے کے مطابق اس طوفان کے نتیجے میں ملک کے شمالی علاقے میں واقع 9 صوبے بری طرح متاثر ہوئے۔ ادارے کی طرف سے جاری کیے گئے اندازوﺍں کے مطابق واشی کے نتیجے میں چھ سو باون افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ آٹھ سو افراد ابھی تک لاپتہ ہیں، جن میں سے زیادہ تر کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے۔

Taifun Nesat
اس طوفان کے ساتھ مٹی کے تودے بھی گرے، جس کے باعث نقصان زیادہ ہوا۔تصویر: dapd

دریں اثناء فلپائن میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے خصوصی ادارے کے سربراہ بنیتو راموس نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد 516 ہے جبکہ 274 افراد لاپتہ ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

شہر الیگان کے میئر لارنس کروز نے بتایا، 'میں نے ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہر طرف جہاں پہلے مکانات تھے، سب پانی میں بہہ گئے ہیں۔ یہ زرعی اراضی تھی، اور اب دیکھیں کہ یہاں تمام درخت بھی گر چکے ہیں'۔

فلپائن نیشنل ریڈ کراس کی سیکٹری جنرل Gwendolyn Pang نے منیلا میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کی امدادی ٹیمیں پولیس، فوج اور شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر سرچ اور ریلیف کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اب سرچ آپریشن میں ملکی بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہو چکے ہیں۔ فوجی حکام کے مطابق اس تباہی کی شدت سے نمٹنے کے لیے بیس ہزار ماہر افراد امدادی کوششوں میں جتے ہوئے ہیں۔

فلپائن میں آنے والی اس تباہی پر عالمی برداری نے منیلا حکومت کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے فلپائن کے حکام کو ارسال کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں واشنگٹن حکومت ان کے ساتھ ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں