1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فن لینڈ کی سفارتکاری، ساؤنا کلچر کے ذریعے

15 جون 2011

فن لینڈ کی وزارت خارجہ کو Steam Spirit انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ انعام کسی ایسے واقعے کی وجہ سے یا کسی ایسے شخص کو دیا جاتا ہے، جس نے ساؤنا کی ثقافت کی ترویج کے لیے غیرمعمولی خدمات انجام دی ہوں۔

https://p.dw.com/p/11avf
تصویر: AP

ساؤنا سوسائٹی کے چیئر مین Ben Grass نے ہیلسنکی میں اس انعام کے اعلان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ فن لینڈ کی وزارت خارجہ اس انعام کے حصول کی تمام شرائط پوری کرتی ہے۔بین گراس کے مطابق ہیلسنکی میں ملکی وزارت خارجہ نے فن لینڈ کی ثقافت کی بیرون ملک ترویج کے لیے اپنی معمول کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ فن لینڈ میں ساؤنا کی ثقافت کو بیرون ملک متعارف کرانے میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

ساؤنا سوسائٹی کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں فن لینڈ کے سفارت خانوں میں قائم saunas کو وہاں متعین ہیلسنکی کے سفارتی نمائندے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہتر تکمیل اور سماجی رابطوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

13.10.2010 DW-TV Fit und gesund Sauna 2

فن لینڈ میں ساؤنا کی ثقافت اس لیے قومی کلچر کا انتہائی اہم حصہ ہے کہ عام طور پر لکڑیاں جلا کر گرم کیا جانے والا ساؤنا صرف نہانے یا جسمانی طور پر تر و تازہ ہونے کے لیے ہی استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ وہ اسکینڈے نیویا کے اس ملک میں خاندانی زندگی کے علاوہ سماجی اور سیاسی رابطوں کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔

اس کی ایک مثال یہ ہے کہ سن 1970 کے عشرے میں فن لینڈ کے صدر اہم سفارتی ملاقاتوں کا اہتمام اپنی سرکاری رہائش گاہ کے ساؤنا ہی میں کرتے تھے۔ آج فن لینڈ کے جو امن فوجی چاڈ سے لے کر افغانستان تک جیسے ملکوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کے کیمپوں میں بھی ساؤنا کی موجودگی لازمی سی بات ہے۔

اس حوالے سے بین گراس نے فن لینڈ کی وزارت خارجہ کے لیے اسٹیم اسپرٹ پرائز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں فن لینڈ کی طرف سے کی جانے والی سفارتکاری کا ایک لازمی حصہ اس ملک کا ساؤنا کلچر ہے، جو دوستیوں، معاہدوں اور سماجی رابطوں کے طے پانے اور ان کی مضبوطی کے لیے مثالی ذریعے کی حیثیت رکھتا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں