1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوجی ہلاکتیں، ’پاکستانی آرمی چیف کا بیان غلط‘: بھارتی الزام

مقبول ملک
17 نومبر 2016

بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں اسی ہفتے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں سے متعلق پاکستانی آرمی چیف کا موقف ’غلط بیانی‘ ہے۔ بھارتی فوج کے مطابق کنٹرول لائن پر فائرنگ کے حالیہ تبادلے میں نئی دہلی کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/2Spoy
Grenze zwischen Indien und Kaschmir Soldaten
اس ہفتے کنٹرول لائن پر فائرنگ کے تبادلے میں کوئی بھارتی فوجی ہلاک نہیں ہوا، انڈین آرمی کی شمالی کمان کا ٹوئٹر پر پیغامتصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Anand

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے جمعرات سترہ نومبر کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی فوج نے آج کہا کہ اس ہفتے کے آغاز پر کشمیر کے متنازعہ خطے میں کنٹرول کے آر پار سے دونوں حریف ہمسایہ ریاستوں کے فوجی دستوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں نئی دہلی کو کوئی نقصان نہیں اٹھانا پڑا تھا۔

Raheel Sharif Pakistan
بھارتی حکومت نے اب تک کچھ نہیں کہا لیکن انڈین آرمی کی شمالی کمان نے پاکستانی آرمی چیف، تصویر، کے بیان کو غلط قرار دے کر ان پر غلط بیانی کا الزام لگا دیاتصویر: picture-alliance/dpa/K.Nietfeld

پاکستانی فوج نے پیر چودہ نومبر کے روز کہا تھا کہ کشمیر کے منقسم علاقے میں کنٹرول لائن پر بھارتی دستوں کے ساتھ مارٹر گولوں اور توپ خانے سے فائرنگ کے تبادلے میں اس کے سات فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

ڈی پی اے کے مطابق پاکستانی فوج کے اس بیان کے بعد اس کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ دونوں ہمسایہ ایٹمی طاقتوں کے فوجی دستوں کے مابین فائرنگ کے اسی تبادلے میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں 11 بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔

بھارت نے حکومتی سطح پر تو اب تک پاکستانی آرمی چیف کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم بھارتی فوج کی شمالی کمان کی طرف سے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا گیا ہے، ’’چودہ، پندرہ یا سولہ نومبر کو پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بھارت کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستانی فوج کے سربراہ کا یہ دعویٰ کہ 14 نومبر کو بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے، غلط ہے۔‌‘‘

پاکستان اور بھارت کے درمیان، جو ایک دوسرے کے ہمسائے ہونے کے ساتھ ساتھ دو حریف ایٹمی طاقتیں بھی ہیں اور اب تک آپس میں جنگیں بھی لڑ چکے ہیں، تازہ ترین کشیدگی اور کشمیر مین کنٹرول لائن پر جھڑپوں کا سلسلہ اس واقعے کے بعد شروع ہوا تھا، جس میں دو ماہ قبل ستمبر میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اُڑی کے مقام پر ایک ملٹری بیس پر عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں 19 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

Pakistan Beerdigung nach Angriff
تازہ ترین جھڑپوں میں کنٹرول لائن پر پاکستان کے سات فوجی مارے گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/A. Mughal

بھارت کا الزام ہے کہ یہ ہلاکت خیز حملہ ایک ایسے جہادی گروہ کے عسکریت پسندوں نے کیا تھا، جو مبینہ طور پر پاکستانی علاقے سے ایسی کارروائیاں کرتا ہے۔ ان بھارتی الزامات کی پاکستان کی طرف سے پرزور تردید کر دی گئی تھی۔

ابھی حال ہی میں کنٹرول لائن پر سات پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اسلام آباد حکومت نے پیر چودہ نومبر ہی کے روز بھارت کو خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ سرحدی کشیدگی میں اضافے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ جوہری ہتھیاروں کی مالک دونوں ریاستوں کے مابین کوئی بھی مسلح تنازعہ ’ناقابل بیان نتائج‘ کی وجہ بن سکتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں