1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فورس انڈیا ٹیم کی نظریں اب مونزا پر

1 ستمبر 2009

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کی اگلی یعنی تیرہویں ریس تیرہ ستمبر کو اٹلی میں مونزا کے مقام پر منعقد ہو گی اور فورس انڈیا ٹیم ایک بار پھر پوائنٹس کی امید کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/JNFt
فورس انڈیا ٹیم کے ڈرائیور فزی کیلاتصویر: AP

بیلجیئم میں شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں اٹلی کے چھتیس سالہ جان کارلو فزی کیلا کی غیر متوقع دوسری پوزیشن اُن کی فورس انڈیا ٹیم کے لئے اُمید کی ایک نئی علامت تھی۔ اِس ریس میں فِن لینڈ کے کمی رائی کونن پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ فزی کیلا نے حتمی کوالیفائنگ راؤنڈ میں پول پوزیشن حاصل کی تھی اور پہلے نمبر سے اپنی ریس شروع کی تھی۔

Formel 1 in Spa Siegerehrung
پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور اپنی جیت کی خوشیاں مناتے ہوئے۔ درمیان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے فن لینڈ کے رائی کونن، بائیں فورس انڈیا ٹیم کے ڈرائیور فزی کیلا اور دائیں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والےجرمنی کے سیباستیان فیٹلتصویر: AP

فزی کیلا کی اِس کامیابی کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں کہ وہ اپنے وطن میں منعقدہ گراں پری مقابلے میں فورس انڈیا کی بجائے اطالوی فیراری ٹیم کی طرف سے شرکت کریں گے۔ تاہم پیر کو چنائے میں فورس انڈیا ٹیم کے سربراہ وِجے ملیا نے زور دے کر کہا کہ اِس ریس میں بھی اطالوی ڈرائیور جان کارلو فزی کیلا فورس انڈیا ٹیم ہی کی طرف سے شریک ہوں گے۔

فورس انڈیا ٹیم اب تک تیس مقابلوں میں شرکت کر چکی ہے لیکن بیلجیئن گراں پری میں اُسے پہلی مرتبہ کوئی پوائنٹس ملے۔ وِجے ملیا کے مطابق فزی کیلا نے خود یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ فورس انڈیا ٹیم نہیں چھوڑ رہے۔

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے اب تک بارہ گراں پری مقابلے منعقد ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے برطانیہ کے جینسن بٹن پہلے نمبر پر جا رہے ہیں۔ شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں البتہ جینسن بٹن شروع میں ہی مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: افسر اعوان