1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوری اور مختصر جنگوں کے لیے تیار ہیں، بھارتی آرمی چیف

امتیاز احمد1 ستمبر 2015

بھارتی فوج کے سربراہ نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدامنی پیدا کرنے کے لیے جموں و کشمیر میں نہ صرف ’نئے حربے‘ استعمال کر رہا ہے بلکہ ان کا دائرہ کار بھی وسیع کرتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GPkU
Indien Armee Chef General Dalbir Singh Suhag
تصویر: Getty Images/AFP/P. Singh

بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ملکی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے منگل یکم ستمبر کو کہا کہ ان کی فوجیں مستقبل میں ’فوری اور مختصر‘ جنگوں کے لیے تیاری کر چکی ہیں۔ بھارتی آرمی چیف نے ان باتوں کا اظہار ’ٹرائی سروس سمینار‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے، جس کا انعقاد 1965ء کی پاک بھارت جنگ کی یاد کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔

جنرل دلبیر سنگھ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمارے مغربی پڑوسی کی طرف سے بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور دراندازی کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے سرحدوں پر کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے۔ جبکہ جموں و کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کے لیے نئے حربے اور طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں۔‘‘ دوسری جانب پاکستان نے ہمیشہ ایسے الزامات کی تردید کی ہے کہ وہ بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں تشدد کی کسی کارروائی میں ملوث رہا ہے۔ پاکستانی وزارات خارجہ کے مطابق وہ کشمیری علیحدگی پسندوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایسا کرتے رہیں گے۔

بھارتی فوج کے سربراہ کا مزید کہنا تھا، ’’ہم اصل میں مستقبل کی تیز اور مختصر جنگوں کی قسم سے آگاہ ہیں۔ ان میں وارننگ ٹائم انتہائی کم ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے آپ کو ہر وقت ہائی آپریشنل لیول پر رہنا پڑتا ہے۔‘‘ سنگھ کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندی کے حالیہ واقعات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ’’تشدد کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے۔‘‘

بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ماضی کے برعکس اس وقت صورتحال بہت زیادہ پیچیدہ اور حساس ہو چکی ہے، ’’اسی وجہ سے ہمیں ہر طرف سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام ابھرنے والے مسائل کا مناسب طریقے سے سدباب کیا جا سکے۔‘‘

بھارت کے آرمی چیف اور وزیر دفاع کا 1965ء کی جنگ کا ایک سرسری تجزیہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں مسلسل اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت یہ جنگ جیتا تھا جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ جنگ برابر رہی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان بھی یہی دعویٰ کرتا ہے کہ 1965ء کی جنگ وہ جیتا تھا اور اس سلسلے میں پاکستان میں ہر سال چھ ستمبر کو یوم دفاع منایا جاتا ہے۔