1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال ورلڈ کپ 2010 کے لئے گروپ بندی

5 دسمبر 2009

اگلے سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی آٹھ گروپوں میں تقسیم کے لئے قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ جرمن فٹبال ٹیم گروپ ڈی میں رکھی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Kqh5
تصویر: picture alliance / dpa

آئندہ ورلڈ کپ کے لئے ٹیموں کی مختلف گروپوں میں تقسیم کے لئے قرعہ اندازی جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب جمعہ کے روز کی گئی۔ ان عالمی مقابلوں میں کُل 32 ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں چار چار ملکوں کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ قرعہ اندازی مکمل ہونے کے بعد حتمی طور پر تشکیل پانے والے آٹھ گروپ مندرجہ ذیل ہیں:

Charlize Theron Schauspielerin WM-Ball Südafrika Kapstadt Weltmeisterschaft Fußball
قرعہ اندازی کی تقریب میں شارلیز تھیئرنتصویر: AP

گروپ اے:

اس گروپ میں میزبان ملک جنوبی افریقہ کے علاوہ میکسیکو، یوراگوئے اور فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ یورا گوئے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی فٹبال ٹیم نے سن 1930 میں کھیلا جانے والا فٹبال کا پہلا عالمی کپ جیتا تھا۔ فرانس کی ٹیم سن 1988 کی فاتح اور جرمنی میں 2006 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم ہے۔

گروپ بی:

یہ گروپ ارجنٹائن کے علاوہ جنوبی کوریا، نائجیریا اور یونان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ ارجنٹائن کی ٹیم دو مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے۔ یونان کی ٹیم 2004 کی یورپی چیمپیئن رہ چکی ہے۔ اس گروپ کے میچ خاصے دلچسپ ہو سکتے ہیں۔ پری کوارٹر فائنل کے لئے نائجیریا اور یونان کو جنوبی کوریا کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

گروپ سی:

انگلینڈ کی ٹیم گروپ سی میں رکھی گئی ہے۔ انگلینڈ بھی عالمی کپ کی سابقہ فاتح ٹیموں میں سے ایک ہے۔ اس گروپ کی دوسری ٹیموں میں الجزائر، امریکہ اور سلووینیہ شامل ہیں۔ ماہرین کی رائے میں اس گروپ میں شامل ٹیموں کے حوالے سے انگلینڈ کے لئے اس سے بہتر قرعہ اندازی ممکن نہیں تھی۔ بظاہر یہ گروپ قدرے آسان دکھائی دیتا ہے۔

WM-Auslosung Kapstadt Süafrika Fußball Weltmeisterschaft
قرعہ اندازی کی تقریب میں نیلسن مینڈیلا کا ویڈیو میسجتصویر: AP

گروپ ڈی:

تین مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی اور یورپ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہونے والی جرمن ٹیم کو گروپ ڈی میں جگہ ملی ہے۔ اس گروپ میں باقی تین ٹیمیں آسٹریلیا، گھانا اور سربیا کی ہیں۔ ان تینوں ٹیموں کو دیکھتے ہوئے تجزیہ نگار کا خیال یہ ہے کہ جرمنی اس گروپ سے بڑی آسانی سے پری کوارٹر فائنل تک پہنچ جائے گا۔

گروپ ای:

یورپ کی خاصی خطرناک ٹیم ہالینڈ کو آئندہ عالمی کپ کے لئے پانچویں گروپ میں جگہ ملی ہے۔ دوسری ٹیمیں جاپان، کیمرون اور ڈنمارک کی ہیں۔ یہ گروپ خاصل متوازن خیال کیا جا رہا ہے۔ ہالینڈ اور ڈنمارک کی ٹیموں کو افریقی ملک کیمرون کی ٹیم سے انتہائی سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔ ہالینڈ آج کل فٹبال کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔

گروپ ایف:

ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم کو اگلے سال کے عالمی مقابلوں کے لئے چھٹے گروپ میں رکھا گیا ہے اور باقی تین ٹیمیں نیوزی لینڈ، پیراگوئے اور سلوواکیہ کی ہو ں گی۔ موجودہ پرفارمنس کے تناظر میں دفاعی چیمپیئن اٹلی کو پیراگوئے اور یورپی ٹیم سلوواکیہ کی طرف سے سخت مقابلے کی توقع ہے۔

گروپ جی:

پانچ بار عالمی کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کو گروپ جی میں شمالی کوریا کے علاوہ آئیوری کوسٹ اور پرتگال کی ٹیموں کا سامنا ہو گا۔ اس گروپ میں ماہرین برازیل اور پرتگال کے کھلاڑیوں کی طرف سے باقی دونوں ٹیموں کے خلاف متاثر کن کارکردگی کی امید کر رہے ہیں جبکہ برازیل کا پرتگال کے خلاف میچ بھی بہت جاندار مقابلہ ہوگا۔

Infografik Fußball-WM 2010 in Südafrika WM-Stadien Englisch
سن دو ہزار دس کے فٹ بال عالمی کپ کا اجمالی نقشہ

گروپ ایچ:

اس گروپ میں یورپی چیمپیئن اسپین کو وسطی امریکی ملک ہونڈوراس کے علاوہ یورپی ٹیم سوئٹزر لینڈ اور چلی کا سامنا کرنا ہو گا۔

اگلے سال کے فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز گیارہ جون کو ہو گا اور فائنل میچ گیارہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ فیفا کے اعلان کے مطابق یہ کپ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ 31 ملین ڈالر کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ یہ انعامی رقم سابقہ عالمی کپ کی فاتح ٹیم کو ملنے والے نقد انعام کے مقابلے میں 61 فیصد زیادہ ہے۔

عالمی کپ کے ڈراز کی بہت خوش رنگ تقریب کے موقع پر جنوبی افریقہ کے نوبل انعام یافتہ لیجنڈری لیڈر نیلسن منڈیلا کا ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ جنوبی افریقہ کی آسکر انعام یافتہ اداکارہ شارلیز تھیئرن نظامت کے فرائض انجام دینے والوں میں شامل تھیں۔ اس تقریب کے شرکاء میں دنیا بھر سے آنے والی عالمی شہرت کی حامل کئی شخصیات شامل تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک