1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ: گروپ اے کے دونوں میچ برابر

12 جون 2010

جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان ملک اور میکسیکو کے درمیان ایک ایک گول سے برابر رہا جب کہ فرانس اور یوراگوئے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/NoyX
جنوبی افریقی اور میکسیکو کے تماشائی میچ سے قبل ایک ساتھتصویر: picture-alliance/dpa

دنیا کے مشہور ترین کھیل فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کا باقاعدہ آغاز گیارہ جون سے ہو گیا ہے۔ گروپ اے کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کی ٹیم نے میکسیکو کی مضبوط ٹیم کے خلاف افتتاحی میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم کیا۔ میچ برابر ختم ہونے کا نقصان میکسیکو کو یقینی طور پر ہو سکتا ہے۔ جوہانس برگ شہر کے ساکر سٹی میدان میں پچاسی ہزار شائقین میچ دیکھنے کے لئے موجود تھے۔ ساکر سٹی سٹیڈیم براعظم افریقہ کا سب سے بڑا سٹیڈیم خیال کیا جاتا ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے میچ کے شروع ہونے پر مڈ فیلڈر سیفوی تشبالا نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میکسیکو کے رافائل مارکیز نے میچ ختم ہونے سے گیارہ منٹ قبل جنوبی افریقہ کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھا کر میچ کو برابر کر دیا۔ اندازوں کے مطابق میکسیکو کی ٹیم یہ میچ جیت سکتی تھی لیکن جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے میکسیکو کی ٹیم کو سنبھلنے ہی نہییں دیا۔ آخری منٹ میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی نے ایک خوبصورت کک لگا کر گیند گول کی جانب پھینکی، جو گول پوسٹ کے ایک پول کو لگ کر پلٹ گئی، جسے یقینی طور پر میکسیکو کے لئے خوش قسمتی کہا جا سکتا ہے۔

Fußball Weltmeisterschaft WM Südafrika Mexiko Flash-Galerie
میکسیکو کے خلاف گول کرنے والے جنوبی افریقی کھلاڑی بائیں سے دوسرے سیفوی تشبالا، گول کے بعدتصویر: dpa

جنوبی افریقہ کے کوچ کارلوس پریرا نے میچ کے نتیجے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گروپ اے بظاہر ایک سخت گروپ ہے اور اس میں چار میں سے دو ٹیمیں تو یقینی طور پر مضبوط ہیں۔ پریرا کا اشارہ فرانس اور میکسیکو کی جانب تھا۔ مجموعی طور پر پریرا کی موجودہ کوچنگ میں جنوبی افریقی ٹیم کا گزشتہ روز مسلسل بارہواں میچ تھا، جس میں وہ شکست سے دوچار نہیں ہوئی۔ میچ کے نتیجے پر میکسیکو کے کوچ ژاوئر اگیرا نے قدرے مایوسی کا اظہار کیا۔ اگیرا کے خیال میں ان کی ٹیم ابتدا ہی میں جنوبی افریقی ٹیم کے گول سے دباؤ کا شکار ہو گئی تھی۔ اگیرا کے مطابق جنوبی افریقہ کا بہتر کھیل میچ کے برابر رہنے کا باعث بنا۔

Fußball WM Weltmeisterschaft Flash-Galerie Uruguay Frankreich
فرانس اور یوراگوئے کے میچ کا منظرتصویر: dpa

گیارہ جون ہی کو گروپ اے کا دوسرا میچ یورپی ملک فرانس اور جنوبی امریکی ملک یوراگوئے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ کیپ ٹاؤن سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں چونسٹھ ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔ اس میچ میں مجموعی طور پر دفاعی کھیل کا انداز حاوی تھا۔ ایک وقت ایسا بھی تھا، جب یوراگوئے کی ٹیم دس کھلاڑیوں سے کھیل رہی تھی اور دس منٹ کے دوران بھی فرانسیسی کھلاڑی گول نکالنے میں ناکام رہے۔ گروپ اے کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر تمام ٹیموں کے پاس ایک ایک پوائنٹ ہے۔ اگلے مرحلے میں ہر ٹیم دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے لئے پریشر میں آ گئی ہے۔

فٹ بال کے عالمی کپ کے ٹورنامنٹ میں آج بارہ جون کو تین میچ کھیلے جائیں گے۔ گروپ بی کے دو میچ پورٹ الزبتھ اور جوہانس برگ میں منعقد ہو ں گے جب کہ گروپ سی کا ایک میچ انگلینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں روسٹن برگ شہر میں کھیلیں گی۔ گروپ بی میں ایشیائی ملک جمہوریہء کوریا کی ٹیم کا مقابلہ یورپی ملک یونان سے ہو گا۔ گروپ سی کا ایک ہیوی ویٹ یا زور دار میچ براعظم افریقہ کے فٹ بال پاور ہاؤس نائیجیریا اور لاطینی امریکہ کے فٹ بال کریزی ملک ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں