1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: کئی یورپی ملکوں میں قومی چیمپئن ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا

امجد علی18 مئی 2009

جہاں جرمنی میں وولفس بُرگ کی ٹیم کے قومی فٹ بال لیگ جیتنے کے امکانات بے حد روشن نظر آ رہے ہیں، وہاں کئی دیگر یورپی ملکوں میں اِسی وِیک اَینڈ پر قومی چیمپئنز کا فیصلہ سامنے آ گیا۔

https://p.dw.com/p/HsOo
مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی آرسینال کے خلاف میچ صفر صفر سے برابر کرنے کے بعد انگلش لیگ ٹائیٹل جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

اسپین میں ایف سی بارسلونا کی ٹیم نے ہفتے کو ہی بغیر کوئی میچ کھیلے اُنیس ویں مرتبہ پریمیئر لیگ ٹائیٹل جیت لیا کیونکہ اُس کی سب سے بڑی حریف ٹیم ریئل میڈرڈ وِلاریال کے خلاف اپنا میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی تھی۔ اگرچہ اتوار کو بارسلونا کی ٹیم آر سی ڈی مایورکا کے خلاف اپنا میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار بھی گئی لیکن اِس سے اُس کے چیمپئن ہونے پر کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔

بارسلونا کے چیمپئن بننے پر اِس ہسپانوی شہر میں رات گئے تک کوئی چالیس ہزار پُرجوش شائقین نے زبردست جشن منایا گیا۔ اِس موقع پر بارسلونا شہر کے مرکزی حصے میں پُرتشدد ہنگامے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں گیارہ پولیس اہلکاروں سمیت اکیاون افراد زخمی ہو گئے۔

اب بارسلونا کی نظریں چیمپئنز لیگ کے اُس اعزاز پر لگی ہیں، جس کے لئے اُس کا مقابلہ ستائیس مئی کو انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہو گا۔ تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھی خود اعتمادی کی کوئی کمی نہیں کیونکہ اِسی وِیک اَینڈ پر یہ ٹیم بھی اٹھارویں مرتبہ انگلش لیگ کا ٹائیٹل جیت کر قومی چیمپئن بن گئی۔ اِس کے لئے اُس کا آرسینال کے خلاف میچ صفر صفر سے برابر کرنا بھی کافی رہا۔

اُدھر اٹلی میں انٹر میلان کی ٹیم نے ہفتے کو مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر سترہویں مرتبہ قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جب دوسرے نمبر پر موجود اُس کی سب سے بڑی حریف ٹیم اے سی میلان یُوڈینِیس کے خلاف اپنا میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی۔ کل اتوار کو نئی اطالوی قومی چیمپئن ٹیم انٹر میلان نے Siena کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیتے ہوئے اپنی شاندار کامیابی کا گویا جشن منایا۔